چمن ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس، BSDI فیز-III کے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے کا جائزہ
چمن (سید سردار محمد خوندئی): اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی مشترکہ زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس چمن میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمانڈر چمن اسکاؤٹس کی خصوصی شرکت و معاونت حاصل رہی، جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلوچستان سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) فیز-III کے تحت تجویز کردہ ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عوامی ضروریات، ترجیحات اور ضلع کی مجموعی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کا اصل مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہری و دیہی علاقوں میں یکساں اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو واضح ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے BSDI فیز-III کے منصوبوں سے متعلق تمام ضروری کارروائیاں بروقت مکمل کرکے مقررہ طریقہ کار کے مطابق پیش رفت کو یقینی بنائیں گے، تاکہ عوام کو ان منصوبوں کا ثمر جلد از جلد مل سکے۔
آخر میں ضلعی انتظامیہ چمن نے عوامی فلاح و بہبود اور ضلع کی ہمہ جہت ترقی کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر اور بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔
