مری میں اسکول وین حادثے کا شکار، 10 بچے اور ڈرائیور جھلس کر زخمی
مری: مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 10 بچے اور ڈرائیور جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ لوئر موہڑا بڑاہوتر کے قریب پیش آیا، جہاں اسکول وین بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری۔ حادثے کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث اس میں سوار بچے اور ڈرائیور متاثر ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور انہیں اسپتال منتقل کیا۔
مری میں موسم گرما کے دوران اسکول وین یا گاڑی میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ بتایا گیا ہے۔ اس سے قبل 10 جون کو مری کے علاقے کھجٹ میں ملتان سے آنے والی سیاحوں کی گاڑی میں آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوئے تھے۔
