ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی اٹک میاں مراد حسین کا تحصیل اٹک کے شہری و دیہی علاقوں کا اچانک دورہ، صفائی انتظامات کا جائزہ
اٹک (رپورٹ: اعجاز الحسن، بیورو چیف اٹک): وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی اٹک میاں مراد حسین نیکوکارہ نے تحصیل اٹک کے شہری و دیہی علاقوں کی مختلف گلیوں، محلوں اور یونین کونسل مرزا کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے بیٹ وائز مشینری کی کارکردگی چیک کی، ویسٹ انکلوژرز کا معائنہ کیا اور صفائی کے حوالے سے شہریوں سے براہِ راست فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔
اس موقع پر شہریوں نے صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
میاں مراد حسین نے ایف ایم اوز، سپروائزرز اور صفائی ورکرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اسی طرح دیہی آبادی میں بھی صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری محنت اور توجہ سے ادا کریں، صفائی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں اور ہر صورت بہترین صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ستھرا پنجاب کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے یکساں اور مؤثر انتظامات برقرار رکھنا ضروری ہے۔
