چمن (سید سردار محمد خوندئی)
پاکستان بونڈڈ کیرئیر کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور چمن چیمبر آف کامرس کے سابق صدر حاجی جلات خان اچکزئی نے کمانڈر 12 کور بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، بندوق کلچر کے خاتمے اور سرحدی تجارت کی بحالی سے متعلق بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں حاجی جلات خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے زمینی حقائق اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے تناظر میں کور کمانڈر کی جانب سے سرحدی تجارت کی اہمیت کا اعتراف خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص سرحدی اضلاع کے عوام کی معیشت کا ایک بڑا حصہ سرحدی تجارت سے وابستہ ہے۔ ہزاروں خاندانوں کا روزگار براہ راست یا بالواسطہ اسی تجارت پر انحصار کرتا ہے۔
تاجر، ٹرانسپورٹر، ڈرائیور، مزدور، دکاندار اور چھوٹے کاروباری طبقے کی معاشی سرگرمیاں سرحدی تجارت سے جڑی ہوئی ہیں۔
حاجی جلات خان اچکزئی نے کہا کہ جب سرحدی راستے بند ہوتے ہیں تو صرف تجارتی گاڑیوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوتی بلکہ ہزاروں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں، کاروبار تباہ ہوتے ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قومی سلامتی اور سرحدی تجارت ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ دونوں مقاصد کو بیک وقت حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ان کے مطابق اگر سرحدی تجارت میں اسمگلنگ، غیر قانونی آمدورفت یا سکیورٹی کے مسائل موجود ہیں تو ان کا حل تجارتی سرگرمیوں کی مکمل بندش نہیں ہونا چاہیے۔
اس کے بجائے مؤثر سرحدی انتظام، شفاف کسٹم نظام، تاجروں کی رجسٹریشن، قانونی دستاویزات اور جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں سکیورٹی کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجارتی سرگرمیاں بھی جاری رکھی جاتی ہیں۔
حاجی جلات خان اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ پاک افغان اور پاک ایران سرحد کے تمام قانونی تجارتی راستوں کو مرحلہ وار اور مستقل بنیادوں پر کھولا جائے۔
انہوں نے سرحدی تجارت کے لیے واضح، یکساں اور شفاف پالیسی مرتب کرنے پر بھی زور دیا تاکہ تاجروں اور سرحدی علاقوں کے عوام کو بار بار غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی تجارت کی بحالی سے نہ صرف بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ ہزاروں خاندانوں کے روزگار کا تحفظ اور کاروباری طبقے کو استحکام بھی حاصل ہوگا۔
