26ویں نیشنل ووشو چیمپئن شپ کا ٹائٹل پاکستان آرمی نے اپنے نام کر لیا۔
پاکستان واپڈا کی دوسری پوزیشن، ملک بھر سے 11 صوبائی و محکمانہ ٹیموں کی شرکت کی ۔
شائقین کی بڑی تعداد نے چائنیز مارشل آرٹس کے دلچسپ مقابلوں سے لطف اٹھایا۔
فیصل آباد (میاں افتخار احمد): کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس فیصل آباد میں پانچ روز تک جاری رہنے والی 26ویں نیشنل ووشو چیمپئن شپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور قومی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا، جبکہ پاکستان واپڈا کی ٹیم دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ پانچ روزہ ایونٹ میں ملک بھر سے صوبائی اور محکمانہ سطح کی مجموعی طور پر 11 ٹیموں نے شرکت کی، جن کے کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں، مہارت اور کھیل کے اعلیٰ معیار کا بھرپور مظاہرہ کیا۔چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں پیٹرن اِن چیف پاکستان ووشو میڈم عمرین، پاکستان ووشو کے ملک افتخار احمد اعوان اور فاؤنڈر پاکستان ووشو فیڈریشن و ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری ندیم قیصر نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی نے مختلف مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر راولپنڈی آرمی ڈائریکٹوریٹ کے سپورٹس آفیسر عمیر، پاکستان آرمی ووشو ٹیم کے کوچ ثناء اللہ اور دیگر کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی، منتظمین، آفیشلز اور کھلاڑیوں نے یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔پاکستان ووشو کے انفارمیشن سیکرٹری فہد جالندھری کے مطابق نیشنل چیمپئن شپ میں ملک کے مختلف صوبوں اور محکمہ جاتی اداروں کی 11 ٹیموں نے حصہ لیا۔ پانچ روز تک جاری رہنے والے مقابلوں میں کھلاڑیوں نے غیر معمولی پھرتی، فنی مہارت، جسمانی مضبوطی اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلوں کو دیکھنے کے لیے شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس میں موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور چائنیز مارشل آرٹس ووشو کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں سے خوب لطف اٹھایا۔چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد فیصل آباد میں کھیلوں بالخصوص مارشل آرٹس کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ایونٹ کے اختتام پر منتظمین نے تمام شریک ٹیموں، کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور معاون اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے قومی سطح کے مقابلوں کے انعقاد اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
