کوئٹہ: سیکرٹری تعلیم لعل جان جعفر کی انٹر اسکول مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شرکت، کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم
کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی)
پاکستان چلڈرنز اکیڈمی ٹرسٹ کوئٹہ کے زیرِ اہتمام انٹر اسکول بیڈمنٹن چیمپئن شپ، اسپیلنگ بی مقابلوں اور سائنس اولمپیاڈ کے فائنلز اور تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری محکمہ اسکول ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی تعلیمی، سائنسی اور کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ایسے مقابلے نوجوان نسل میں خود اعتمادی، تخلیقی سوچ، تحقیق اور صحت مند مسابقت کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ان کی شخصیت سازی اور مستقبل کی کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
لعل جان جعفر نے بیگم ثاقبہ رحیم الدین کی دوراندیش سوچ اور نوجوان نسل کی تعلیمی و ہم نصابی تربیت کے لیے ان کی تاحیات خدمات کو بھی سراہا۔
صوبے میں سائنسی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سائنس کے مضامین میں تعلیمی نتائج تاریخی طور پر کمزور رہے ہیں۔ سائنس اولمپیاڈ جیسے مقابلے طلبہ میں تجسس، سائنسی علوم سے دلچسپی اور تحقیق کا رجحان پیدا کرنے کے ساتھ انہیں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان چلڈرنز اکیڈمی ٹرسٹ کی انتظامیہ کو ایک منظم اور بامقصد تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد بھی پیش کی۔
دس روزہ مقابلوں میں 355 طلبہ و طالبات کی شرکت
دس روزہ مقابلوں کا آغاز 28 اکتوبر 2026 کو ہوا تھا، جو 7 نومبر کو اختتام پذیر ہوئے۔ ان مقابلوں میں کوئٹہ کے مختلف نمایاں تعلیمی اداروں نے بھرپور شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق اسپیلنگ بی مقابلوں میں 45 اسکولوں، سائنس اولمپیاڈ میں 35 اسکولوں جبکہ بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں 35 اسکولوں نے حصہ لیا۔ بیڈمنٹن کے مقابلے گرلز سنگلز، بوائز جونیئرز سنگلز اور بوائز سینئرز سنگلز کیٹیگریز میں منعقد ہوئے۔ مجموعی طور پر 355 طلبہ و طالبات نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
مختلف مقابلوں کے نتائج
اسپیلنگ بی مقابلے میں امت پبلک اسکول نے پہلی جبکہ بیگم ثاقبہ اسکول آف ماڈرن ایج نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
سائنس اولمپیاڈ میں امت پبلک اسکول پہلی اور پاک جناح ریزیڈنشل ہائی اسکول، سیٹلائٹ ٹاؤن دوسری پوزیشن پر رہا۔
بیڈمنٹن گرلز سنگلز میں امت پبلک اسکول نے پہلی جبکہ بیگم ثاقبہ اسکول آف ماڈرن ایج نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
بوائز جونیئرز سنگلز میں پاک عرب انٹرنیشنل اسکول نے پہلی اور سی بی اسکول نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ بوائز سینئرز سنگلز میں ہورائزن اسکول نے پہلی اور دوسری دونوں پوزیشنیں اپنے نام کیں۔
کامیاب طلبہ میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی لعل جان جعفر اور اکیڈمی کے نمائندوں نے کامیاب طلبہ و طالبات میں ٹرافیاں، میڈلز اور پوزیشن سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام طلبہ و طالبات کو شرکت کی اسناد بھی پیش کی گئیں۔
اس موقع پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی، سائنسی اور کھیلوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے ایسی سرگرمیوں کے تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
