گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے جامعہ بلوچستان کی 22 ویں کانووکیشن میں ڈگریاں اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے
کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ جامعہ بلوچستان صوبے کے ممتاز تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے، جس کے فارغ التحصیل طلباء نے قومی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گورنر بلوچستان نے جامعہ بلوچستان کی 22 ویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے ایلومنائی میں متحرک رہنما، دانشور اور محققین شامل ہیں، جو ملک و صوبے کا نام روشن کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں جی رہے ہیں، جہاں اے آئی، ڈیٹا سائنس، شمسی توانائی اور جدت طرازی نے ترقی کے تصورات بدل دیے ہیں۔ اس دور میں محض روایتی ڈگریاں کافی نہیں، طلباء کو مہارت، تخلیقی سوچ اور خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کانووکیشن کے دوران 23 اسکالرز کو پی ایچ ڈی، 29 اسکالرز کو ایم فل کی ڈگریاں جبکہ 58 نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا۔
تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، سیکرٹریز، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ڈینز، ڈائریکٹرز، طلباء اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر گورنر بلوچستان نے معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں اور کامیاب طلباء کو مبارکباد دی۔
