اٹک چیمبر آف کامرس میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب

اٹک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی کی پروقار تقریب

اٹک (اعجازالحسن سے) — 14 اگست 2026ء

اٹک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار اور پُرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا بھرپور اظہار کیا گیا۔

تقریب میں صدر اٹک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہد زمان، سینئر نائب صدر محمد عاجز، ایگزیکٹو ممبران اور چیمبر کے دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید تھے۔

مقررین نے تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں، شہداء اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آزادی کی حقیقی قدر ملک میں اتحاد، نظم و ضبط، محنت، دیانت داری اور قومی ذمہ داری کے فروغ سے ممکن ہے۔

صدر اٹک چیمبر شاہد زمان نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور بے پناہ امکانات سے بھرپور ہے۔ تاجر اور صنعتکار برادری ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور مقامی تجارت و صنعت کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔

سینئر نائب صدر محمد عاجز نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اٹک چیمبر تاجروں کے مسائل کے حل، تجارت کے فروغ اور علاقے کی معاشی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مہمانِ خصوصی ADCG اٹک انیل سعید نے یومِ آزادی کی تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی کے لیے حکومت، انتظامیہ، کاروباری برادری اور عوام کے درمیان مضبوط تعاون ضروری ہے۔

تقریب کے شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اٹک چیمبر قومی یکجہتی، سماجی ذمہ داری اور ملکی معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔

پاکستان زندہ باد 🇵🇰