اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا تعلیمی زونز کی پالیسی پر نظرثانی کا حکم، بچوں کے تعلیمی مفادات کو اولین ترجیح قرار دے دیا

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی)

اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے محکمہ تعلیم کو گرمیوں اور سردیوں کی تعطیلات کے زونز کی پالیسی پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں بچوں کے تعلیمی مفادات کو ہر صورت اولین ترجیح دی جائے۔

یہ ہدایت اسپیکر چیمبر میں منعقدہ اجلاس کے دوران جاری کی گئی، جس میں ارکان صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ اور زاہد علی ریکی کی جانب سے واشک اور پنجگور سمیت مختلف علاقوں کے تعلیمی زونز اور تعطیلات کے نظام سے متعلق اٹھائے گئے تحفظات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر صادق علی عمرانی، ایم پی اے اسداللہ بلوچ، زاہد علی ریکی، رحمت صالح بلوچ، سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ اور سیکرٹری سیکنڈری ایجوکیشن لال جان جعفر نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ واشک اور پنجگور میں سردیوں کے دوران شدید سرد موسم ہوتا ہے، جبکہ موجودہ نظام کے تحت گرمیوں کی تعطیلات دی جاتی ہیں، جو مقامی موسمی حالات اور بچوں کی تعلیمی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

سیکرٹری تعلیم لال جان جعفر نے زونز کے تعین میں درپیش انتظامی مشکلات سے آگاہ کیا۔ اسداللہ بلوچ نے زور دیا کہ فیصلے دفاتر میں بیٹھ کر کرنے کے بجائے مقامی حالات اور عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں۔ صوبائی وزیر صادق علی عمرانی نے سابقہ نظام کی بحالی کی حمایت کی، جبکہ زاہد علی ریکی نے واضح کیا کہ تعلیمی نظام اور اساتذہ کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

اس موقع پر اسپیکر عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا کہ بظاہر سابقہ نظام زیادہ موزوں تھا اور اس کی بحالی پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زونز کے تعین میں متعلقہ ضلع کی اکثریتی آبادی اور موسمی حالات کو بنیادی اہمیت دی جائے۔

اسپیکر نے محکمہ تعلیم کو موجودہ زونز پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینے اور بالخصوص واشک و پنجگور کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا تعلیمی مستقبل ہر انتظامی فیصلے سے زیادہ اہم ہے۔

Related posts

Leave a Comment