چمن (سید سردار محمد خوندئی)
سرحدی شہر چمن میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام عظیم الشان اور تاریخی قائد جمعیت کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت ضلعی امیر مولانا عبدالمنان نے کی۔
کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، صوبائی ناظم عمومی آغا سید محمود شاہ اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ قائد جمعیت ہمارا ریڈ لائن ہے، ان کے خلاف میڈیا ٹرائل اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے بجائے ان کے سوالات کا جواب دلیل سے دیا جائے۔ کارکنوں نے اپنی جماعت اور قیادت کے ساتھ آخری دم تک وفاداری نبھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مقررین نے علماء کرام اور کارکنوں کی تاریخی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اوچھے ہتھکنڈوں اور سیاسی دباؤ سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔
رہنماؤں نے مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل پر صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکمران عوامی مشکلات حل کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
پاک افغان بارڈر کی مسلسل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس فیصلے نے چمن کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ان کے معاشی مسائل میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے عوام، سرحدی علاقوں کے حقوق اور دینی مدارس کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
اس سے قبل صوبائی قائدین کا پرانا چمن سے ایک بڑے استقبالیہ جلوس کے ذریعے کانفرنس گاہ پہنچنے پر ہزاروں کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔
