قلعہ عبداللہ: پولیس وین پر مسلح افراد کا حملہ، 15 قیدی چھڑا کر فرار، مغوی کی بازیابی کے لیے بین الاقوامی شاہراہ بدستور بند
کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی)
قلعہ عبداللہ میں دو مختلف واقعات کے باعث صورتحال کشیدہ ہے۔ ایک جانب اغواء کیے گئے شخص کی بازیابی کے لیے کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ بدستور بند ہے تو دوسری جانب عبداللہ خان کراس کے مقام پر انتہائی سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے عبداللہ خان کراس کے مقام پر پولیس وین کو روک لیا اور وین میں موجود 15 قیدیوں کو زبردستی اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر فرار ہو گئے۔
دوسری جانب قلعہ عبداللہ میں جاری ہڑتال کے باعث مرکزی بین الاقوامی شاہراہ گزشتہ روز سے بند ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کے ایک فرد کو مسلح افراد نے اغواء کر لیا ہے اور جب تک مغوی کو بحفاظت بازیاب نہیں کرایا جاتا، شاہراہ بند رہے گی۔
واقعات کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ پولیس کی تحویل سے بیک وقت 15 قیدیوں کا چھڑایا جانا سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

