جامعہ کراچی: کچن گارڈننگ اور موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی سیشن

جامعہ کراچی میں کچن گارڈننگ اور موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر آگاہی نشست

کراچی: گرین ہینڈز آف پاکستان اور ٹری مین آف پاکستان کے اشتراک سے جامعہ کراچی کے شعبہ عمرانیات میں کچن گارڈننگ اور موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر ایک آگاہی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

نشست سے خطاب کرتے ہوئے ٹری مین آف پاکستان شہروز سراج نے طلبہ و طالبات کو موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات، ماحول کے تحفظ اور گھروں میں سبزیاں خود اُگانے کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچن گارڈننگ کو فروغ دے کر نہ صرف ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ گھریلو سطح پر تازہ اور صحت مند خوراک بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر گرین ہینڈز آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری انس عظیم نے طلبہ و طالبات میں مختلف پھلوں، پھولوں اور سبزیوں کے بیج تقسیم کیے اور انہیں ترغیب دی کہ وہ ان بیجوں کو عملی طور پر اُگا کر کچن گارڈننگ کا آغاز کریں۔

مقررین نے کہا کہ مستقبل میں آبادی میں اضافے، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز کے باعث خوراک کی ضروریات پوری کرنا ایک اہم مسئلہ بن سکتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ نئی نسل کو آج ہی سے گھر کی سطح پر خوراک اُگانے اور ماحول کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کی طرف راغب کیا جائے۔

نشست کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے کچن گارڈننگ اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے عملی کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Related posts

Leave a Comment