چمن میں 19 نومبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال، 22 نومبر کو شہدائے وطن کی یاد میں عظیم الشان جلسہ عام ہوگا، ایمل ولی خان شرکت کریں گے: اصغر خان اچکزئی
چمن (سید سردار محمد خوندئی)
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ 19 نومبر کو صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور 22 نومبر کو چمن میں شہدائے وطن شہید خان جیلانی خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کی یاد میں منعقد ہونے والا عظیم الشان جلسہ عام موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ان دونوں پروگراموں کے ملک اور صوبے کی موجودہ صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداء ہاؤس، مردہ کاریز چمن میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع چمن کی ضلعی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت ضلعی صدر عبدالخالق حقمل نے کی، جبکہ صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا، رکن مرکزی کمیٹی ڈاکٹر عبدالصمد اچکزئی، ضلعی جنرل سیکرٹری سمیع اللہ خان اچکزئی اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔
شٹر ڈاؤن ہڑتال اور جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ
اجلاس کے دوران 19 نومبر کو صوبہ بھر میں ہونے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور 22 نومبر کو چمن ہائی اسکول فٹ بال گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ جلسہ شہید خان جیلانی خان اچکزئی کی 16ویں اور شہید اسد خان اچکزئی کی چھٹی برسی کے موقع پر منعقد کیا جائے گا۔
جلسہ عام میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان خصوصی شرکت کریں گے۔ دونوں پروگراموں کو منظم انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔
قومی سیاسی و جمہوری جدوجہد تیز کرنے پر زور
اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ایسے حالات میں جب ملک بالخصوص پشتونخوا اور بلوچستان بدامنی، لاقانونیت، عدم تحفظ اور انارکی کی لپیٹ میں ہیں، فکرِ باچا خان کے پیروکاروں اور قومی تحریک کے کارکنوں کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پارٹی کی ضلعی، تحصیل اور بنیادی یونٹوں کی سطح پر تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال اور منظم بنایا جائے اور قومی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو تیز کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک نظریاتی، سیاسی اور جمہوری جماعت ہے جس کی تاریخ قربانیوں، استقامت اور مسلسل جدوجہد سے عبارت ہے۔ باچا خان کے فلسفۂ عدم تشدد، رواداری، برداشت، قومی برابری اور جمہوری جدوجہد پر کاربند رہتے ہوئے پارٹی نے ہر دور میں عوام کے بنیادی حقوق، قومی شناخت، وسائل پر اختیار اور سیاسی آزادیوں کے لیے آواز بلند کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پارٹی ذمہ داران عوام کے حقوق کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہیں
اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ شہدائے وطن شہید خان جیلانی خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کی قربانیاں قومی تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہیں۔ ان شہداء نے قومی حقوق، امن کے قیام، سیاسی آزادی اور روشن مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ادھورے مشن اور قومی جدوجہد کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کے مطابق 22 نومبر کو چمن میں منعقد ہونے والا جلسہ عام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات، قومی مسائل اور عوام کو درپیش مشکلات پر سیاسی مؤقف کے اظہار کا بھی ایک اہم موقع ہوگا۔
کارکنوں کو تیاریوں اور عوامی رابطوں کی ہدایت
اصغر خان اچکزئی نے ضلع چمن کے تمام تنظیمی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی کارکنوں، سیاسی و سماجی حلقوں اور عوام سے رابطے تیز کریں۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ عام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں اور تشکیل دی گئی کمیٹیوں کو فعال بناتے ہوئے باہمی رابطوں اور مشاورت کے عمل کو مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی تمام تر مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود اپنی سیاسی، جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کے بنیادی حقوق، امن اور قومی وقار کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
