آقا اور غلام کا نظریہ ختم کیا جائے، محمود خان اچکزئی

محمود خان اچکزئی کوئٹہ میں سیاسی اور طلبہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے

آقا اور غلام کا نظریہ ختم کیے بغیر ملک نہیں چل سکتا، محمود خان اچکزئی

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے، جس سے نکلنے کا واحد راستہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی سپرمیسی اور آقا و غلام کے نظریے کا خاتمہ ہے۔

وہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (PSO) کی جانب سے منعقدہ کانفرنس سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور چیف آف پشتون نواب محمد ایاز خان جوگزئی، عبدالرحیم زیارتوال، پی ایس او کے مرکزی آرگنائزر سیف اللہ خان سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون قوم دنیا کی بہترین سرزمین پر آباد ہونے کے باوجود تنگ دستی، بے روزگاری اور مختلف مشکلات کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ممالک نہیں چل سکتے جہاں عوام مشکلات میں زندگی گزار رہے ہوں جبکہ ملکی اشرافیہ عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہی ہو۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک مضبوط پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب تمام اقوام کے حقوق تسلیم کیے جائیں۔ ان کے مطابق زور زبردستی کے ذریعے ممالک ترقی نہیں کرتے۔

تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور جنوبی پشتونخوا کے تعلیمی اداروں کو فعال بنانے میں مخلصانہ کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ پاکستان نے انہیں تعلیمی ادارے فراہم نہیں کیے، بلکہ بہترین ادارے موجود ہیں، تاہم انہیں فعال بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ معاہدہ کر لیں تو اسی دن آزاد ہو جائیں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسا کس طرح ممکن ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر اور عوامی مینڈیٹ چوری کرکے قائم کی گئی حکومت کو وہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

کانفرنس کے اختتام پر محمود خان اچکزئی نے پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نومنتخب ایگزیکٹو اراکین سے حلف بھی لیا۔

Related posts

Leave a Comment