اساتذہ ہی معاشرے کی اصل طاقت اور قوموں کی ترقی کا ضامن ہیں ۔ سید سردار خوندئی
اقراء علمی مرکز چمن میں یومِ اساتذہ کے موقع پر پروقار تقریبات کا انعقاد
چمن( خصوصی رپورٹ )
ہمیشہ مقام و منزلت پانے والے اساتذہ کرام ہیں۔ یومِ اساتذہ (ٹیچرز ڈے) کی مناسبت سے اقراء علمی مرکز چمن کے دونوں اداروں، بوائز اور گرلز سیکشن میں سادہ و پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
بوائز سیکشن میں منعقدہ مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی سینئر صحافی و کالم نگار، اقراء علمی مرکز چمن کے سربراہ سید سردار محمد خوندئی تھے۔ تقریب کا آغاز جماعت دہم کے طالب علم قدرت اللہ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، اس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے احترام میں تمام اساتذہ کرام اور طلباء کھڑے ہو گئے۔
تقریب میں طلباء نے شانِ استاد کے موضوع پر سیر حاصل تقاریر پیش کیں اور اساتذہ کرام کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ہونہار طالب علم سعد اللہ نے ادا کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سید سردار محمد خوندئی نے کہا کہ دنیا کی تمام اقوام اس بات پر متفق ہیں کہ اساتذہ کرام ہی معاشرے کی اصل طاقت ہیں اور قوموں کی ترقی و خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے اساتذہ کرام کی عزت و تکریم کرنی چاہیے، کیونکہ ایک علمی اور ہنر مند معاشرے کی تشکیل کے لیے استاد ہی واحد ذریعہ ہے۔
آخر میں مہمانِ خصوصی نے بہترین تقاریر کرنے والے طلباء میں نقد انعامات تقسیم کیے۔
دریں اثناء، اقراء علمی مرکز گرلز سیکشن میں بھی ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں طالبات نے یومِ اساتذہ کی مناسبت سے تقاریر پیش کیں اور رنگارنگ قومی و ملی نغمے پیش کیے۔
دونوں اداروں کے تمام کلاسز میں کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں، بوائز سیکشن میں کیک کاٹنے کی تمام تقاریب میں سینئر صحافی سید سردار محمد خوندئی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اقراء علمی مرکز چمن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یومِ اساتذہ کے موقع پر تمام اساتذہ کرام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
