اٹک: اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے پرائس کنٹرول اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ
اٹک: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) اٹک انیل سعید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس اٹک میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، مارکیٹ مانیٹرنگ، فیلڈ انسپیکشنز، پرائس کنٹرول اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، سبزی و فروٹ منڈیوں، کریانہ اسٹورز اور دیگر تجارتی مراکز کا معائنہ کریں اور سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ مقررہ قیمتوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انیل سعید نے مزید کہا کہ ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی مزید مؤثر اور تیز کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اپنی متعلقہ تحصیلوں میں جاری کارروائیوں، مارکیٹ مانیٹرنگ، درپیش مسائل اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا، جبکہ متعلقہ افسران کو عوامی شکایات کے فوری ازالے اور حکومت پنجاب کی پرائس کنٹرول پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئیں۔




