ہیوسٹن میں محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ، عشقِ رسول ﷺ سے سرشار روح پرور اجتماع
قاری صداقت علی کی تلاوت، نعتیہ کلام اور کمیونٹی شخصیات اور خواتین کی بڑی تعداد میں
شرکت
عبدلرحمان پٹیل
ہیوسٹن میں محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کے عنوان سے ایک نہایت خوبصورت، باوقار اور روح پرور محفل منعقد ہوئی، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی محفل کا اہتمام ندیم ملک نے اپنے ساتھیوں کے تعاون سے کیا تھا، جبکہ معروف قاری قاری صداقت علی خصوصی طور پر محفل میں شریک ہوئے
تقریب کا آغاز قاری صداقت علی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ایاز مفتی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی سرفراز نے بھی نعتِ مبارکہ کے ذریعے حضور اکرم ﷺ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا اور محفل کو روحانی کیفیت سے ہمکنار کیا
محفل کی نظامت غزنفر ہاشمی نے نہایت محبت، وقار اور خوبصورتی سے انجام دی
انہوں نے میلاد النبی ﷺ کی اہمیت اور سیرتِ رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ محمد اقبال اور دیگر شعرائے کرام کے نعتیہ و فکری اشعار کے حوالے دیے۔ ان کی نظامت محض پروگرام کے مختلف حصوں کو جوڑنے تک محدود نہیں رہی بلکہ انہوں نے شاعری، تاریخ اور فکر کے امتزاج سے محفل کے روحانی اور فکری ماحول کو مزید مؤثر بنایا
ڈاکٹر آصف قدیر نے اپنے خطاب میں سیرتِ طیبہ ﷺ اور حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور اس امر پر زور دیا کہ محبتِ رسول ﷺ کا حقیقی اظہار آپ ﷺ کی تعلیمات، اخلاق اور انسانیت سے محبت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے میں ہے
محفل میں فورٹ بینڈ کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی برائن مڈلٹن، ٹیکساس اسٹیٹ نمائندے ڈاکٹر سلیمان لالانی، عثمان خواجہ سمیت مختلف سماجی، سیاسی اور کمیونٹی شخصیات نے بھی شرکت کی خصوصاً خواتین کی بڑی تعداد کی موجودگی نے اس روحانی اجتماع کو مزید بھرپور بنایا
تقریب کے منتظم ندیم ملک نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور محفل کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام افراد اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے حضور نبی کریم ﷺ کی ذاتِ اقدس سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے اس پیغام کو اجاگر کیا کہ میلاد النبی ﷺ کی محافل صرف اظہارِ عقیدت ہی نہیں بلکہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنے اور محبت، رحم، رواداری اور خدمتِ انسانیت کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں زندہ رکھنے کا ذریعہ بھی ہیں
درود و سلام اور نعتیہ کلام سے معطر یہ محفل ایک خوبصورت روحانی کیفیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء اپنے ساتھ
عشقِ رسول ﷺ، محبت اور اخوت کا پیغام لے کر رخصت ہوئے


