پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر، سفارت کاری ناگزیر ہے: سفیر رضوان سعید شیخ
یومِ دفاع کی تقریب میں پینٹاگون کی کسی قابلِ ذکر فوجی شخصیت کی عدم شرکت—وجہ کیا؟ آنے والے دنوں میں صورتحال واضح ہوگی
واشنگٹن ڈی سی — عاصم صدیقی
پاکستان کے سفارتخانے واشنگٹن ڈی سی میں یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر جبکہ سفارت کاری ملک کی پہلی دفاعی لائن اور ناگزیر ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اپنی دفاعی صلاحیت ثابت کی ہے بلکہ مؤثر سفارت کاری کے ذریعے خطے اور عالمی سطح پر استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر محمد ابو بکر نے بھی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تاہم اس سال کی تقریب میں شرکاء کی تعداد نسبتاً محدود نظر آئی اور پینٹاگون سے کسی قابلِ ذکر امریکی فوجی افسر کی شرکت سامنے نہیں آئی۔ ماضی کی ایسی تقریبات کے تناظر میں یہ ایک قابلِ توجہ پہلو ہے۔ اس عدم شرکت کی وجہ کیا تھی، اس حوالے سے فی الحال کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی اور ممکن ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کی وجوہات واضح ہوں۔
تقریب میں غیر ملکی سفارت کاروں، ملٹری و سروس اتاشیوں، امریکی حکام اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے بعض نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کا اختتام پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

