Picture of Ijaz Ul Hasan

Ijaz Ul Hasan

نئے تعینات افسران کے لیے رہائشی و دفتری سہولیات کا جائزہ، اے ڈی سی انیل سعید کا مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ

اٹک (بیورو چیف اعجازالحسن): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) اٹک انیل سعید نے ضلع بھر میں مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ کیا اور نئے تعینات ہونے والے افسران کے لیے رہائشی و دفتری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے آنے والے افسران کے لیے سرکاری رہائش گاہوں کی تیاری، ضروری مرمت، صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دفاتر کو مکمل طور پر فعال بنانے کے اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ افسران اپنی ذمہ داریاں فوری طور پر سنبھال سکیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انیل سعید نے مختلف دفاتر، رہائشی عمارتوں اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ باقی ماندہ تمام کام مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے افسران کو مناسب رہائشی اور دفتری سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے، کیونکہ بہتر انتظامی ماحول سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی اور عوام کو بروقت و معیاری خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انیل سعید نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جہاں کہیں معمولی نوعیت کے کام باقی ہیں انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے اور تمام رہائشی و دفتری سہولیات ہر وقت فعال رکھی جائیں تاکہ نئے افسران کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے وقت کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔