وزیراعلیٰ کی کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، شہید سپاہی حکمت اللہ کی قربانی کو سلام
کوئٹہ (رپورٹ: سید سردار محمد خوندئی)
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب سکیورٹی آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنا دیے۔ ان کے مطابق دہشت گرد بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور عوام کے امن و سکون کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم ریاستی ادارے پوری قوت اور عزم کے ساتھ ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید نے وطن عزیز کے دفاع میں جان قربان کرکے فرض شناسی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ملک کا سرمایہ افتخار ہیں اور ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔ پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
