پی سی بی کا انڈر 19 کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور نوجوان کرکٹرز کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں ٹیم کی اچھی کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے مدعو کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے نوجوان کرکٹرز سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انڈر 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے سے انہیں مزید محنت اور بہتر کارکردگی کا حوصلہ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی محنت اور اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور انہیں مستقبل میں قومی سطح پر بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب ملے گی۔
