ڈی ای او چمن کا بوائز ماڈل ہائی اسکول کا اچانک دورہ، نگرانی سخت کرنے کا اعلان

ڈی ای او چمن اشوک کمار راجپوت گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول کے دورے کے دوران کلاس رومز کا معائنہ کرتے ہوئے۔

چمن: ڈی ای او کا بوائز ماڈل ہائی اسکول کا اچانک دورہ، ادارے کو مثالی بنانے کا عزم

چمن (سید سردار محمد خوندئی): ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول چمن کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے تدریسی سرگرمیوں، طلبہ کی تعلیمی استعداد اور اسکول کے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی عطاء اللہ خان جبکہ ای ایم آئی ایس فوکل پرسن جعفر خان اچکزئی بھی موجود تھے۔

کلاس رومز کا معائنہ، طلبہ سے نصابی سوالات

دورے کے دوران ڈی ای او نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ سے نصابی سوالات کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں محنت، لگن اور توجہ کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔

اسکول اسٹاف کے اجلاس میں تدریسی امور کا جائزہ

بعد ازاں اشوک کمار راجپوت نے اسکول اسٹاف کے ساتھ تفصیلی اجلاس کی صدارت کی، جس میں تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری، نظم و ضبط اور مقررہ وقت میں نصاب کی تکمیل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے دوٹوک اعلان کیا کہ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول کو ہر صورت ایک حقیقی ماڈل اور مثالی تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مقصد کے حصول میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی اور بلاجواز غیر حاضری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اساتذہ کو پابندی وقت اور معیاری تدریس کی ہدایت

ڈی ای او نے تمام اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حاضری بروقت یقینی بنائیں، تدریسی فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے ادا کریں اور نصاب مقررہ وقت کے اندر مکمل کرائیں تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ امتحانات کی بہتر تیاری کا موقع میسر آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کو مثالی بنانے کے لیے اساتذہ کی محنت، نظم و ضبط اور معیاری تدریس بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکول کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر اور سخت کیا جائے گا۔

Related posts

Leave a Comment