حنا جاوید قتل کیس: پنجاب حکومت نے ہائی پاور کمیٹی تشکیل دے دی
لاہور: پنجاب حکومت نے حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کا دوبارہ جائزہ لینے کے لیے ہائی پاور کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی ڈی جی سی سی ڈی سہیل ظفر کریں گے۔ کمیٹی میں ڈی آئی جی لاہور اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی بھی شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق 45 سالہ حنا جاوید کی لاش 20 اگست کو راولپنڈی کے علاقے لالکرتی میں واقع عسکری اپارٹمنٹس میں ان کے گھر سے ملی تھی۔
پولیس اور دستیاب رپورٹ کے مطابق واقعے کے وقت مقتولہ کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور ان کے منہ پر کپڑا موجود تھا، جبکہ گردن کے گرد تار پائی گئی تھی جو باتھ روم کے شاور سے منسلک تھی۔
ہائی پاور کمیٹی کیس کی تفتیش کا ازسرنو جائزہ لے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل ظفر کی سربراہی میں کمیٹی رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ کرکے مقدمے کی تفتیش اور اب تک سامنے آنے والے شواہد کا جائزہ لے گی۔
