آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کی زیرِ صدارت حسن ابدال میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری،
تفصیلات کےمطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے حکومتِ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت TMA ہال حسن ابدال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔
کھلی کچہری میں ضلع اٹک کے شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور مختلف نوعیت کی درخواستیں آر پی او راولپنڈی کے روبرو پیش کیں۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے شہریوں کے مسائل کو انتہائی توجہ اور تحمل سے سنا اور متعلقہ افسران کو درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے شہریوں کی شکایات کے فوری اور میرٹ پر ازالے کی ہدایت کی، جبکہ مختلف درخواستوں پر مقررہ ٹائم فریم کے اندر پیش رفت سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی گئی۔ انہوں نے افسران کو واضح ہدایات دیں کہ شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر قانون اور میرٹ کے مطابق نمٹایا جائے اور کسی بھی درخواست کو غیر ضروری طور پر زیرِ التوا نہ رکھا جائے۔
اس موقع پر آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ شہریوں کو بلا تعطل، بلا امتیاز اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننا اور ان کے فوری و مؤثر حل کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ داری کے ساتھ پیش آئیں اور ہر درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں محفوظ و پُرامن ماحول کی فراہمی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے تھانہ سٹی حسن ابدال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تھانے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور فرنٹ ڈیسک، حوالات، ریکارڈ اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا۔
آر پی او نے تھانہ کے انتظامی و تفتیشی امور، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور پولیس ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تھانے میں آنے والے شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے، ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور قانونی تقاضوں کے مطابق بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام، مقدمات کی میرٹ پر تفتیش، شہریوں کی داد رسی اور پولیسنگ کے معیار میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کی کارکردگی کا اصل معیار شہریوں کو فراہم کیا جانے والا انصاف، تحفظ اور سہولت ہے، اس لیے
تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔


