اٹک سے بیورو چیف اعجازالحسن کی رپورٹ
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید نے کہا ہے کہ تمام پینشن کیسز کو کم سے کم مدت میں نمٹانا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ پینشن کیسز کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو بروقت مالی سہولت میسر آ سکے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بطور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) پینشن کیسز سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف زیر التواء پینشن کیسز، ان کی موجودہ صورتحال اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انیل سعید نے ہدایت کی کہ تمام محکمے پینشن کیسز کی تیاری، جانچ پڑتال اور منظوری کے عمل کو تیز کریں اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق تمام ضروری کارروائی بروقت مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پینشنرز کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی اہم ذمہ داری ہے، اس لیے ہر متعلقہ افسر اپنی ذمہ داری پوری دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن کیسز میں معمولی نوعیت کی خامیاں موجود ہیں انہیں فوری طور پر دور کیا جائے اور ایسے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ مستحق افراد کو بروقت پینشن اور دیگر مالی مراعات کی ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پینشن کیسز میں غیر ضروری تاخیر نہ صرف قابلِ افسوس ہے بلکہ اس سے مستحق افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کا تدارک تمام متعلقہ محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے زیر التواء پینشن کیسز کو جلد از جلد نمٹائیں اور آئندہ بھی اس حوالے سے مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


