قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کے خلاف پروپیگنڈہ حق کی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے، مقررین کا تربیتی کنونشن سے خطاب
کچلاک میں جمعیت علماء اسلام کے تربیتی کنونشن کا انعقاد، نمایاں کارکردگی دکھانے والے کارکنوں میں انعامات تقسیم
کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی): جمعیت علماء اسلام تحصیل کچلاک کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اور پروقار تربیتی کنونشن تحصیل امیر مولانا محمد سلیمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
کنونشن کے دوسرے سیشن کا آغاز ایوارڈ یافتہ قاری سہیل احمد ترین کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
کنونشن سے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبد الواسع، صوبائی نائب امیر و امیر جمعیت ضلع کوئٹہ مولانا عبد الرحمن رفیق، صوبائی معاون مالیات و ناظم عمومی ضلع کوئٹہ حاجی عین اللہ شمس، جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے سرپرست و تحصیل امیر مولانا محمد سلیمان، ضلعی جوائنٹ سیکرٹری حاجی قاسم خان خلجی، تحصیل ناظم عمومی مولوی عبد المجید، تحصیل سینئر نائب امیر حافظ محمد اقبال، تحصیل جوائنٹ سیکرٹری انجینئر دلبر خان ناصر اور تحصیل سیکرٹری اطلاعات عمران خان کاسی نے خطاب کیا۔
علماء کرام سیاست اور نظامِ حیات کی رہنمائی کے ذمہ دار ہیں، مقررین
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ علماء کرام وارثانِ انبیاء ہیں اور سیاست، حاکمیت اور نظامِ حیات کی رہنمائی کرنا ان کا بنیادی فریضہ ہے۔ دین اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے، اسے صرف مسجد و محراب تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اسی فکر و نظریے کی ترجمان جماعت ہے، جو سیاست کو عبادت اور خدمتِ خلق کو دینی فریضہ سمجھتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے خلاف پروپیگنڈے پر تنقید
مقررین نے کہا کہ قائد جمعیت اور محافظِ نظریہ پاکستان مولانا فضل الرحمان کے خلاف بے بنیاد اور توہین آمیز پروپیگنڈہ دراصل حق و صداقت کی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد جمعیت کی پوری زندگی استقامت، جرات اور اصولوں کی سیاست کا ایک درخشاں باب ہے، جسے ایسی سطحی مہمات سے کوئی نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔
کارکنان کو نظم و ضبط اور اتحاد برقرار رکھنے کی تلقین
صوبائی امیر مولانا عبد الواسع نے کارکنان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت میں نظم و ضبط اور امیر کی اطاعت بنیادی اساس کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہر کارکن اخلاص، تربیت اور جماعتی وفاداری کو اپنا شعار بنائے اور قائدین کا پیغام گھر گھر پہنچائے۔
انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ملی، قومی اور دینی مقاصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔
نمایاں کارکردگی پر کارکنوں میں انعامات تقسیم
کنونشن کے موقع پر تحصیل امیر مولانا محمد سلیمان اور تحصیل ناظم عمومی مولوی عبد المجید نے مجلسِ عاملہ کے ان ارکان کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انعامات سے نوازا جنہوں نے جماعتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انعامات حاصل کرنے والوں میں تحصیل سینئر نائب امیر حافظ محمد اقبال، نائب امیر حافظ محمود احمد مسرور، تحصیل جوائنٹ سیکرٹری انجینئر دلبر خان ناصر، تحصیل سالار عبد المنان مجاہد اور تحصیل جمعیت طلباء اسلام کے صدر قصیر خان شامل تھے۔
تمام ذمہ داران نے اپنے اپنے انعامات صوبائی امیر مولانا عبد الواسع، ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، ضلعی ناظم عمومی حاجی عین اللہ شمس اور جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما سردار یحییٰ خان ناصر سے وصول کیے۔
