پاکستان بین المذاہب امن کمیٹی کی تقریب حلف برداری، نوٹیفکیشن جاری
مختلف مکاتبِ فکر کے مسلم و مسیحی رہنماؤں کی شرکت، ملکی ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار
فیصل آباد(میاں افتخار احمد) پاکستان بین المذاہب امن کمیٹی کی تقریب حلف برداری ٹی ایم اے ہال فیصل آباد میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور ریورنڈ بشپ طفیل بزمی کی دعا سے کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی میاں طاہر جمیل ایم پی اے پی پی 115 جبکہ کامران بھٹی چیف گیسٹ تھے۔ تقریب کے دوران مرکزی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ہم خیال مسیحی و مسلم مرد و خواتین عہدیداران کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے۔
تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مسلم و مسیحی رہنماؤں، سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے میاں طاہر جمیل ایم پی اے پنجاب، کامران بھٹی، ریورنڈ بشپ زاہد بشیر گل، سرفراز عرف جانی، معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر شمعون بھٹی، انفارمیشن سیکرٹری پنجاب پاکستان بین المذاہب امن کمیٹی اشر اینتھنی، صدر پنجاب بیرسٹر میاں محمد بلال انور، اعجاز جیکب گل، دلشاد گل، ملک اکبر بانی و چیئرمین اور مرکزی رہنما ڈاکٹر عادل راجہ نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور اس کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کیلئے مذہب، رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین المذاہب امن کمیٹی ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، بھائی چارے اور امن کے فروغ کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرے گی۔ تمام ذمہ داران اور مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور پائیدار امن کے فروغ کیلئے تمام انتظامی اداروں کے ساتھ مل کر دن رات کوشاں رہیں گے۔


