پشتون قوم کی تاریخی صفات کو زندہ رکھنا ہی اصل طاقت اور تعلیم اس کی حفاظت ہے۔ سید سردار خوندئی
چمن (خصوصی رپورٹ)
پشتون کلچر ڈے کی مناسبت سے شہر کے معروف تعلیمی ادارے اقراء علمی مرکز بوائز سیکشن میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں ادارے کے طلباء نے اس تاریخی دن کی مناسبت سے تقاریر اور پشتو اشعار پیش کیے، جبکہ دو مختلف گروپوں نے پشتون قوم کا روایتی اتنڑ پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سینئر صحافی و کالم نگار سید سردار محمد خوندئی تھے۔ ادارے کے اساتذہ کرام جن میں جمعہ خان اچکزئی، امان اللہ شادمن اور نصیب اللہ اچکزئی شامل تھے، نے انہیں روایتی دستار پہنائی، جس پر سینکڑوں طلباء نے پرزور تالیوں کی گونج میں ان کا استقبال کیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز ہونہار طالب علم قدرت اللہ نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تقریب سے نعمت اللہ، نصیب اللہ اور سید زبیر احمد نے قابلِ ذکر تقاریر پیش کیں۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ادارے کے ممتاز استاد امان اللہ شادمن نے انجام دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سید سردار محمد خوندئی نے کہا کہ پشتون قوم کے اوصاف ہزاروں سال پرانے ہیں اور آج بھی ہماری قومی شناخت کی پہچان ہیں۔ اس قوم کی غیرت، مہمان نوازی، دلسوزی، ہمدردی، عبادت، ایثار و قربانی آج بھی نمایاں طور پر زندہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی ان تاریخی صفات کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں علم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ صرف اپنے اوصاف پر زندگی گزارنا کافی نہیں، بلکہ اس دور میں پشتون قوم کو تعلیم کے میدان میں بھی آگے بڑھنا ہوگا۔
