Picture of Ijaz Ul Hasan

Ijaz Ul Hasan

ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کی زیرِ صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور ڈسٹرکٹ ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے اٹک ظہیر احمد خان نے اجلاس کو مختلف ایجنڈا نکات پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں ضلع بھر میں رکشوں کی رجسٹریشن، ویٹ اسٹیشنز کی ڈیجیٹلائزیشن، معیاد ختم ہونے والے روٹ پرمٹس پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی، بس اڈوں کی حالت بہتر بنانے اور اٹک و حضرو میں الیکٹرک بسوں کے لیے بس اسٹاپس کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں ملاحی ٹولہ کے رہائشیوں کے لیے الیکٹرک بس سروس کی فراہمی اور اٹک قلعہ کے لیے الیکٹرک بس اسٹاپ کی بحالی سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک حادثات کا جائزہ، گاڑیوں کی فٹنس رجیم پر مؤثر عملدرآمد، ایکسل لوڈ کی مقررہ حدود کی خلاف ورزی، اوورلوڈنگ و اوورچارجنگ اور گاڑیوں میں ایل پی جی کے استعمال سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔ اجلاس میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں فائر ایکسٹنگوشر کی لازمی دستیابی اور عوامی آگاہی کے لیے اردو تشریح کے ساتھ ٹریفک سائن بورڈز کی تنصیب پر بھی اتفاق کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، مسافروں کی سہولت، روڈ سیفٹی کے فروغ اور ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کے لیے تمام فیصلوں پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، منظم اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔