اقراء علمی مرکز چمن کا کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر، جماعت نہم نے فائنل جیت لیا

اقراء علمی مرکز چمن کے کلاس وائز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں طلباء کرکٹ کھیلتے ہوئے

جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں سماجی برائیوں کا خاتمہ ہوتا ہے، سید سردار خوندئی

اقراء علمی مرکز چمن کا کلاس وائز کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر، جماعت نہم نے فائنل جیت لیا

چمن (خصوصی رپورٹ): ملک کے معروف تعلیمی ادارے اقراء علمی مرکز چمن بوائز سیکشن کے زیر اہتمام کلاس وائز کرکٹ ٹورنامنٹ انتہائی منظم اور پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔

ٹورنامنٹ میں ادارے کی تمام جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا، جبکہ ٹورنامنٹ کمیٹی نے نظم و ضبط کے ساتھ تمام میچز بہترین انداز میں منعقد کرائے۔ واضح رہے کہ اقراء علمی مرکز چمن میں درسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی خصوصی اہمیت دی جاتی ہے اور ادارے میں روزِ اول سے ہفتہ وار تقریری مقابلوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

جماعت نہم نے فائنل اپنے نام کر لیا

ٹورنامنٹ کا فائنل میچ گزشتہ روز جماعت نہم اور جماعت ہفتم کے درمیان کھیلا گیا۔ ٹاس جیت کر جماعت نہم نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جماعت ہفتم نے مقررہ 12 اوورز میں 96 رنز کا قابلِ ذکر ہدف دیا۔

جواب میں جماعت نہم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 اوورز میں 96 رنز کا ہدف حاصل کر لیا اور فائنل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میچ میں بہترین کارکردگی پر احمد شاہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں مسلسل عمدہ کھیل پیش کرنے پر جماعت ہفتم کے حسن خان کو مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز دیا گیا۔

سید سردار محمد خوندئی مہمانِ خصوصی

ٹورنامنٹ کے مہمانِ خصوصی اقراء علمی مرکز چمن کے سربراہ، سینئر صحافی و کالم نگار سید سردار محمد خوندئی تھے۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

فائنل میچ میں ریفری کے فرائض سینئر اساتذہ جمعہ خان اور محمد ابراہیم نے انجام دیے۔

فائنل کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ ادارے کے سینکڑوں طلباء نے فائنل میچ سے لطف اٹھایا۔ میچ کے دوران روایتی اتنڑ کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ کمنٹری کے فرائض نصیب اللہ اور سید محمد نے انجام دیے، جبکہ کوریج کی تمام تر ذمہ داری آمان اللہ شادمن نے نبھائی۔

اساتذہ اور طلباء کمیٹی کی خدمات کو سراہا گیا

ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں ادارے کے تمام اساتذہ کرام نے بھرپور کردار ادا کیا، جبکہ طلباء کمیٹی کے ارکان سعداللہ، اقبال خان، سلیمان خان، قسیم خان، سعید الرحمان، ارمان خان، احسان اللہ، سمیع اللہ، محمود خان اور ودود خان نے بھی بہترین خدمات سرانجام دیں۔

اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی سید سردار محمد خوندئی نے ٹورنامنٹ کے تمام منتظمین اور پولیس افسران و اہلکاروں کو پُروقار انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا:

"جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں سماجی برائیوں کا خاتمہ ہوتا ہے۔”

کامیاب اور نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم

اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی سید سردار محمد خوندئی نے فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے 10 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی جبکہ رنر اَپ ٹیم کے لیے 5 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی تقسیم کی۔

اس موقع پر بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔

Related posts

Leave a Comment