پولیس فورس عوام کے تحفظ اور قیامِ امن کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، آئی جی پولیس بلوچستان
کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس ایک منظم اور نظم و ضبط کی پابند فورس ہے جو عوام کے جان و مال کے تحفظ، قیامِ امن اور دہشت گردی و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔
وہ کوئٹہ میں پولیس دربار سے خطاب کر رہے تھے۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ پولیس فورس کے افسران اور جوان مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود اپنے فرائض پوری ذمہ داری، جانفشانی اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیسنگ کے نظام کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید آلات، وسائل اور سہولیات بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ پولیس افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے جدید خطوط پر تربیت کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے اور اس حوالے سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
آئی جی محمد طاہر نے بتایا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ فورس کو جدید پولیسنگ کے لیے ضروری آلات سے لیس کیا جا رہا ہے جس میں 200 کے قریب آرمڈ گاڑیاں، 800 سے زائد موٹر سائیکلیں اور جدید و مؤثر ہتھیار شامل ہیں۔
انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ گزشتہ پولیس دربار میں افسران اور جوانوں سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا عمل بتدریج جاری ہے۔ ہم نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے، جدید پولیسنگ کو فروغ دینے اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔
دربار کے اختتام پر آئی جی پولیس بلوچستان نے اہلکاروں کے فرداً فرداً مسائل سنے اور ان کے ذاتی مسائل پر موقع پر ہی احکامات صادر کیے، جبکہ پولیس لائن کے ٹیوب ویل سسٹم کو سولرائزیشن کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
آئی جی محمد طاہر: بلوچستان پولیس عوام کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن فورس
