موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک بند
اسلام آباد سے پشاور جانے والی موٹروے ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موٹروے پر ہیوی ٹرالرز کھڑے کیے جانے کے باعث اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون کے مختلف مقامات بھی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے، جن میں اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول، سنگجانی، براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج شامل ہیں۔
موٹروے کی بندش کے باعث اسلام آباد سے پشاور جانے والے مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مسافروں کو سفر سے قبل متعلقہ حکام کی تازہ ترین ٹریفک ہدایات ضرور دیکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
