فیصل آباد ایکسپو 2026 چھوٹے تاجروں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کا تاریخی پلیٹ فارم ہے، ڈاکٹر راشد مسعود
لاہور (میاں افتخار احمد):
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ ’’فیصل آباد ایکسپو 2026‘‘ کو قومی معیشت اور برآمدات کے فروغ کی جانب ایک تاریخی اور مؤثر اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ 24 سے 26 جولائی 2026 تک لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری اس تین روزہ صنعتی و تجارتی نمائش میں ملک بھر کے معروف صنعت کار، برآمد کنندگان، سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات شریک ہیں، جہاں فیصل آباد کی صنعتی استعداد، معیاری مصنوعات اور برآمدی صلاحیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
ایف سی سی آئی کی دعوت پر نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود نے شعبۂ کلاتھنگ کے چیئرمین ڈاکٹر قمر کے ہمراہ ایکسپو کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف صنعتی و تجارتی اسٹالز کا معائنہ کیا، جبکہ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے اسٹال پر نمائش کے لیے پیش کیے گئے جدید ٹیکسٹائل مصنوعات، فنکشنل فیبرکس اور ویلیو ایڈڈ گارمنٹس میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، جو فیصل آباد کی صنعتی جدت، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کا عملی مظہر تھے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا سب سے بڑا ٹیکسٹائل اور صنعتی مرکز ہے، جو قومی معیشت اور برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کا شعبہ ہر سال اربوں ڈالر کی برآمدات کے ذریعے ملکی معیشت کو استحکام فراہم کر رہا ہے، جبکہ فیصل آباد ایکسپو 2026 چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے ایک مؤثر پل ثابت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق اس نمائش سے نہ صرف کاروباری روابط میں اضافہ ہوگا بلکہ نئی تجارتی شراکت داریوں اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے حصول میں فیصل آباد ایکسپو 2026 جیسے پروگرام انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کو نئی منڈیوں تک رسائی اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
ریکٹر نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی نے کہا کہ جامعہ صنعت اور اکیڈمیا کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے معیار، ڈیزائن اور عالمی مسابقتی صلاحیت میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیقی منصوبوں، جدید تربیتی پروگراموں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے برآمدی شعبے کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق فیصل آباد ایکسپو صنعت کاروں کی ضروریات کو براہِ راست سمجھنے اور تعلیمی نصاب کو صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہے۔
کاروباری اور صنعتی حلقوں نے فیصل آباد ایکسپو 2026 کو بھرپور پذیرائی دی ہے اور اسے پاکستان کی صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور معاشی استحکام کی جانب ایک مثبت اور دور رس اقدام قرار دیا ہے۔




