قلعہ شیخو پورہ کے قریب سیلاب سے ریلوے پل متاثر، لاہور، فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن معطل
بدر اور غوری ایکسپریس منسوخ، شالیمار، قراقرم اور میانوالی ایکسپریس کے روٹس تبدیل، مسافروں کو سفر سے قبل ٹرینوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (میاں افتخار احمد) قلعہ شیخو پورہ اور مسن کلار کے درمیان واقع ریلوے پل شدید سیلابی ریلے اور غیر معمولی بارشوں کے باعث متاثر ہونے کے بعد لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ریلوے ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ ریلوے حکام نے مسافروں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹرینوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر متبادل انتظامات نافذ کر دیے ہیں، جن کے تحت بعض ٹرینوں کو منسوخ جبکہ متعدد اہم ٹرینوں کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق 111 اپ اور 112 ڈاؤن بدر ایکسپریس کے علاوہ 113 اپ اور 114 ڈاؤن غوری ایکسپریس کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح 27 اپ اور 28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس اور 41 اپ اور 42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس کو براستہ رائے ونڈ، ساہیوال اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا، جبکہ لاہور اور میانوالی کے درمیان چلنے والی 147 اپ اور 148 ڈاؤن میانوالی ایکسپریس کو براستہ لالہ موسیٰ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ پل کا تفصیلی تکنیکی معائنہ جاری ہے اور انجینئرنگ ٹیمیں نقصان کا تخمینہ لگانے کے ساتھ ساتھ بحالی کے کام میں مصروف ہیں تاکہ ٹریک کو جلد از جلد محفوظ بنا کر ٹرینوں کی آمدورفت بحال کی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر مزید بارشوں اور سیلابی کیفیت کو بھی مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر آپریشنل فیصلوں میں مزید تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی روانگی، روٹ اور شیڈول کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کر کے ہی ریلوے اسٹیشن کا رخ کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔



