وعدوں سے تکمیل تک — پنڈی گھیب میں عوامی خدمت کا سفر جاری، نئی ایمبولینسز کا افتتاح
اٹک سے بیورو چیف اعجازالحسن کی رپورٹ
پنڈی گھیب: چیئرمین واسا پنجاب اور رکن پنجاب اسمبلی نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے ریسکیو 1122 پنڈی گھیب آفس میں نئی ایمبولینسز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور فیتہ کاٹ کر ایمبولینسز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
چیئرمین واسا پنجاب کی ریسکیو 1122 پنڈی گھیب آمد پر ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی ڈاکٹر میاں محمد اشفاق، خواجہ ابرار اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈی گھیب حافظ محمد زونیر یونس، نوابزادہ ملک ناصر علی خان، ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی ڈاکٹر میاں محمد اشفاق، میر نوید اختر کوآرڈینیٹر چیئرمین واسا پنجاب، مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران و اراکین، سٹی کے معزز کونسلرز، تحصیل پنڈی گھیب کے عمائدین، صحافی برادری اور انجمن تاجران کے نمائندگان نے شرکت کی۔
افتتاح کے بعد نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے نئی ایمبولینسز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے چیئرمین واسا پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنڈی گھیب کے عوام کا ایمبولینسز کی فراہمی کا دیرینہ مطالبہ مختصر مدت میں پورا کیا گیا ہے، جس سے علاقے کے شہریوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔
عوامی خدمت میرا مشن ہے: چوہدری شیر علی خان
چیئرمین واسا پنجاب نوابزادہ چوہدری شیر علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا مشن صرف اور صرف عوامی خدمت ہے اور ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ خلوصِ نیت کے ساتھ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ 2013 سے 2018 کے دوران بھی پنڈی گھیب شہر میں خصوصی پیکیج کے تحت سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و ترقی کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے، سکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا، مسنگ فیسلٹیز فراہم کی گئیں اور تھانے کی عمارت سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔
چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ ان شاء اللہ پنڈی گھیب شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے جلد خصوصی فنڈز پیکیج منظور کروانے کی کوشش کی جائے گی۔
پنڈی گھیب میں صنعتی زون کے قیام کی کوشش
چیئرمین واسا پنجاب نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خصوصی طور پر درخواست کی ہے کہ سی پیک کے ساتھ کھڑپہ سے آگے موجود سرکاری اراضی پر صنعتی زون کے قیام کو عملی شکل دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جب صنعتی زونز کے قیام کا عمل شروع ہوگا تو پنڈی گھیب کو بھی ترجیحی بنیادوں پر صنعتی زون فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ان کے مطابق اس اقدام سے علاقے میں روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔
بجلی، صاف پانی اور نوجوانوں کے لیے منصوبے
چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ پنڈی گھیب میں بجلی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے گرڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کروائی گئی ہے، جبکہ شہر اور پورے حلقے میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹس اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کو GCD کا درجہ دلوانے کی بھی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ نوجوان تین سالہ ڈپلومہ حاصل کرکے ہنرمند بن سکیں اور روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری
چیئرمین واسا پنجاب نے بتایا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈی گھیب میں نئے بلاکس تعمیر کروائے گئے ہیں اور ڈاکٹرز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مزید اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی کے لیے بھی بھرپور کوشش جاری ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں صحت، تعلیم، صاف پانی، بجلی، انفراسٹرکچر اور روزگار کے حوالے سے عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، خلوصِ نیت اور ترقی ہی ان کا مشن ہے۔


