عالمی معیشت کا  جنازہ کب اٹھے گا  اور وراثت کیسے تقسیم ہو گی

میاں افتخار احمد

ریزرو کرنسی کا قصہ مختصر، 71 فیصد سے 57 فیصد تک کا سفر اور اس کے پیچھے چھپی جنگیں، 40 ٹریلین کا بوجھ، امریکی قرضہ اور اس کا عالمی اثر، ایک ناقابلِ تردید حقیقت بن چکا ہے۔2036 تک امریکہ کا قرضہ 63.8 ٹریلین ڈالرتک پہنچ جائے گا  کیا یہ عالمی معیشت کا جنازہ ہو گا؟

 اور جنازے کے بعد یہ سوال کہ عالمی معیشت کی وراثت کیسے تقسیم ہو گی، آج کے دور کا سب سے اہم مالیاتی سوال ہے اور اس کا جواب ڈھونڈنے کے لیے ہمیں بین الاقوامی مالیاتی اداروں، مرکزی بینکوں اور معروف بین الاقوامی تھنک ٹینکس کی شائع کردہ ریسرچ رپورٹس کا گہری نظر سے جائزہ لینا ہو گا، ان تمام تجزیوں سے ایک واضح حقیقت ابھر کر سامنے آتی ہے کہ عالمی معیشت کی وراثت ایک یک قطبی امریکی ڈالر کے نظام سے نکل کر کثیر قطبی مالیاتی ڈھانچے میں منتقل ہو رہی ہے اور اس منتقلی کے دوران یہ وراثت کئی مختلف ذریعوں اور راستوں کے ذریعے تقسیم ہو گی، اس سلسلے میں سب سے پہلے ہمیں امریکی معیشت کی موجودہ مالی حالت کو سمجھنا ہو گا کیونکہ یہی وہ بنیادی محرک ہے جس نے عالمی سطح پر ڈالر پر اعتماد میں کمی کا آغاز کیا، امریکی محکمہ خزانہ کے شائع کردہ تازہ ترین اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ امریکی وفاقی قرضہ 40 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے جو ملک کی کل معاشی پیداوار کے 122 فیصد کے برابر ہے اور یہ عالمی بینک کی مقرر کردہ محفوظ حد سے دوگنا زیادہ ہے، کانگریشنل بجٹ آفس کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2025 سے جولائی 2026 تک خالص سود کی ادائیگی 963 ارب ڈالر رہی جو روزانہ اوسطاً 3.18 ارب ڈالر بنتی ہے اور یہ بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے، امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے دس مہینوں میں سود کی لاگت 1.17 ٹریلین ڈالر تک جا پہنچی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے اور یہ سود کی ادائیگیاں اب وفاقی بجٹ کا تیسرا سب سے بڑا خرچ بن چکی ہیں، کانگریشنل بجٹ آفس کی پیش گوئی کے مطابق 2026 میں وفاقی خسارہ 1.9 سے 2.1 ٹریلین ڈالر کے درمیان ہو گا جو جی ڈی پی کا چھ فیصد بنتا ہے اور یہ عالمی طور پر تسلیم شدہ تین فیصد کی محفوظ حد سے دوگنا ہے، انہی پیش گوئیوں کے مطابق 2036 تک یہ خسارہ 3.1 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گا اور کل وفاقی قرضہ 63.8 ٹریلین ڈالر ہو جائے گا جبکہ سود کی ادائیگیاں 2.1 ٹریلین ڈالر تک جا پہنچیں گی، اس صورتحال میں محکمہ دفاع کا بجٹ بھی مسلسل بڑھ رہا ہے اور 2026 کے لیے یہ تقریباً ایک ٹریلین ڈالر ہے جبکہ ایران جنگ کے اخراجات کے لیے پینٹاگون نے اضافی 80 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا ہے اور 2027 کے لیے مجوزہ دفاعی بجٹ 1.5 ٹریلین ڈالر ہے جو 2026 کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ ہے اور دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑا دفاعی اخراجات میں اضافہ ہو گا، برج واٹر ایسوسی ایٹس کے بانی رے ڈیلیو نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ امریکہ قرضوں کے بحران کا شکار ہو سکتا ہے اور یہ بحران جلد از جلد ایک سال میں اور دیر سے دیر پانچ سال میں اور زیادہ امکان تین سال کے اندر اندر آ سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کی مالی حالت ایک سنگین موڑ پر ہے اور اگر اب اقدام نہ کیا گیا تو مستقبل میں اس کا حل بہت بڑی معاشی تباہی کے بغیر ممکن نہیں، ان تمام حقائق کی روشنی

میں عالمی سرمایہ کار اور مرکزی بینک اپنی حکمت عملیوں کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں اور یہی وہ نقطہ آغاز ہے جہاں سے عالمی معیشت کی وراثت کی تقسیم کا عمل عملی طور پر شروع ہو چکا ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں امریکی ڈالر کا عالمی زرمبادلہ کے ذخائر میں حصہ 57.13 فیصد رہا جو 2025 کی چوتھی سہ ماہی میں 56.42 فیصد تھا، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ہی تاریخی ڈیٹا سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ 1999 میں جہاں ڈالر کا حصہ 71 فیصد تھا وہاں 2026 تک یہ گھٹ کر 56 فیصد رہ گیا اور 2020 سے 2026 کے دوران ڈالر کا حصہ تقریباً 14 فیصد پوائنٹس کم ہوا جس کا مطلب ہے کہ مرکزی بینکوں نے تقریباً 3.2 ٹریلین ڈالر کے اثاثے فروخت کیے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی 2026 کی دوسری سہ ماہی کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈالر کا حصہ مزید کم ہو کر 56.32 فیصد تک آ گیا حالانکہ اس کمی کا زیادہ تر حصہ شرح مبادلہ کی حرکتوں کی وجہ سے تھا نہ کہ مرکزی بینکوں کی جانب سے جان بوجھ کر فروخت کی وجہ سے، بروکنگز انسٹی ٹیوشن کی فروری 2026 کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈالر میں یہ تیزی اور شدت سے کمی غیر معمولی ہے اور اس نے اس بات پر بحث چھیڑ دی ہے کہ کیا امریکہ اپنی ریزرو کرنسی کی حیثیت کھو رہا ہے، بروکنگز کے تجزیے سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ریزرو منتظمین نے قابل ذکر پالیسی اتار چڑھاؤ کے باوجود ڈالر کو برقرار رکھا ہے جس کی بڑی وجہ ڈالر کے کوئی واضح متبادل نہ ہونا ہے، اسی تناظر میں لندن میں قائم آزاد تحقیقی ادارے آفیشل مونیٹری اینڈ فنانشل انسٹی ٹیوشنز فورم کی 2026 کی عالمی عوامی سرمایہ کار رپورٹ انتہائی اہم ہے جس میں 90 مرکزی بینکوں، عوامی پنشن فنڈز اور خودمختار فنڈز کے جوابات شامل تھے جن کے زیر انتظام کل 10 ٹریلین ڈالر کے اثاثے ہیں، اس رپورٹ کے مطابق پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ آنے والی دہائی میں ڈالر کے حصص کم کرنے کا ارادہ رکھنے والے مرکزی بینکوں کی تعداد ان بینکوں سے زیادہ ہے جو ڈالر کے حصص بڑھانا چاہتے ہیں، آفیشل مونیٹری اینڈ فنانشل انسٹی ٹیوشنز فورم کی سربراہ تحقیق اینڈریا کوریا کے مطابق پچھلے پانچ سالوں میں ڈالر مرکزی بینکوں کے 58 فیصد مختصات پر برقرار رہا ہے لیکن اب بتدریج ڈالر سے دوری کا رجحان بڑھ رہا ہے جس میں مرکزی بینک یورو اور چینی کرنسی کی طرف بڑھ رہے ہیں، اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ تقریباً تمام مرکزی بینکوں کا خیال ہے کہ چینی کرنسی تنوع فراہم کرتی ہے جبکہ دو تہائی نے کہا کہ یورو عالمی تجارت میں زیادہ پرکشش ہو گیا ہے جو پچھلے سال 43 فیصد سے بڑھ کر اب 66 فیصد ہو گیا، 29 فیصد جواب دہندگان نے طویل مدتی میں یورو کے حصص بڑھانے کی خواہش ظاہر کی جو پچھلے سال 22 فیصد تھی اور رپورٹ کے مطابق 79 فیصد مرکزی بینک اور 60 فیصد عوامی فنڈز کا ماننا ہے کہ عالمی مالیاتی نظام کثیر قطبی دنیا کی طرف منتقل ہو رہا ہے، اس منتقلی میں سونے کا کردار مرکزی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور ورلڈ گولڈ کونسل کی 2026 کی مرکزی بینکوں کے سونے کے ذخائر سے متعلق سروے کے مطابق پچھلے چار سالوں میں مرکزی بینکوں نے اوسطاً 1000 ٹن سونا جمع کیا ہے جو پچھلی دہائی کے 500 ٹن کی اوسط سے نمایاں طور پر زیادہ ہے، اس سروے میں 76 مرکزی بینکوں نے شرکت کی جو اس سروے کی تاریخ میں سب سے زیادہ تعداد ہے اور 89 فیصد جواب دہندگان کا خیال ہے کہ اگلے 12 مہینوں میں عالمی مرکزی بینکوں کے سونے کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور ریکارڈ 45 فیصد جواب دہندگان اپنے سونے کے ذخائر میں اضافے کی توقع رکھتے ہیں، 82 فیصد مرکزی بینک فی الحال فزیکل سونا رکھتے ہیں جو پچھلے سال 71 فیصد تھا اور خالص 30 فیصد جواب دہندگان اگلے ایک سے دو سالوں میں سونے کے مختصات بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں، آفیشل مونیٹری اینڈ فنانشل انسٹی ٹیوشنز فورم کی رپورٹ کے مطابق سونا ریزرو مینجمنٹ حکمت عملی کے مرکز میں آ گیا ہے اور 51 فیصد مرکزی بینکوں نے جغرافیائی سیاسی خطرے سے تحفظ کو سونا رکھنے کی ایک اہم وجہ قرار دیا جو 2024 میں 11 فیصد زیادہ تھا، ورلڈ گولڈ کونسل کی سروے کے مطابق 74 فیصد جواب دہندگان اگلے پانچ سالوں میں عالمی ذخائر میں ڈالر کے حصص میں معمولی یا نمایاں کمی دیکھتے ہیں جبکہ ان کا خیال ہے کہ یورو اور چینی کرنسی کا حصہ برقرار رہے گا اور سونے کے ذخائر میں اضافہ ہو گا، یورپی مرکزی بینک کی جون 2026 کی ایک رپورٹ کے مطابق 2025 کے آخر تک سونا عالمی سرکاری ذخائر کا تقریباً 27 فیصد بن گیا جس نے یورو کے 15 فیصد اور امریکی ٹریژری سیکیورٹیز کے 22 فیصد کو پیچھے چھوڑ دیا، تاہم یورپی مرکزی بینک واضح طور پر خبردار کرتا ہے کہ یہ نتیجہ گمراہ کن ہو سکتا ہے کیونکہ 2025 میں سونے کی قیمت میں تقریباً 60 فیصد اور 2024 میں مزید 30 فیصد اضافہ ہوا جس نے سونے کے ذخائر کے حصے کو مکینیکل طور پر بڑھا دیا، اگر سونے کو 2023 کے آخر کی قیمتوں پر تولا جائے تو سونا اور یورو ہر ایک عالمی ذخائر کا تقریباً 16 فیصد ہوں گے جبکہ امریکی سرکاری سیکیورٹیز اب تک سب سے بڑا ریزرو اثاثہ رہیں گی جو تقریباً 26 فیصد کی نمائندگی کرتی ہیں، یورپی مرکزی بینک اس لیے ڈالر کے خاتمے کی نہیں بلکہ سونے کی شاندار دوبارہ تشخیص کے اثرات کی وضاحت کر رہا ہے، یورپی مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ڈالر عالمی مالیاتی نظام پر حاوی ہے اور اس کا عالمی زرمبادلہ کے ذخائر میں 57 فیصد حصہ ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً کوئی تبدیلی نہیں، یورو 20 فیصد کے نشان کے قریب ہے جبکہ چینی کرنسی 2 فیصد کے قریب جمود کا شکار ہے، اس استحکام کی وجہ سے رپورٹ کے مصنفین یہ نتیجہ اخذ کرتے ہیں کہ ریزرو منتظمین تیزی سے بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی ماحول میں بھی اچانک پورٹ فولیو تبدیلیوں سے گریز کرتے ہیں، نتیجتاً یورپی مرکزی بینک ڈالر سے دوری کے تیز رفتار عمل کی نشاندہی نہیں کرتا بلکہ ریزرو ہولڈنگز کی محتاط تنوع کی نشاندہی کرتا ہے، یورپی مرکزی بینک کی رپورٹ اس بات پر زور دیتی ہے کہ جنگیں سونا کو توجہ کے مرکز میں واپس لے آئی ہیں اور مرکزی بینکوں کی طرف سے سونے کی خریداری 2025 میں 850 ٹن کے قریب رہی جو 2022 اور 2024 کے درمیان ریکارڈ سطح سے کم ہے لیکن پھر بھی تاریخی اوسط سے بہت زیادہ ہے، یورپی مرکزی بینک مشاہدہ کرتا ہے کہ سب سے زیادہ مقدار میں سونا خریدنے والے ممالک کا رجحان ان خطوں میں واقع ہے جو بیرونی تنازعات کے بڑھتے ہوئے خطرات سے دوچار ہیں، 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے چین نے 350 ٹن سے زیادہ سونا خریدا ہے، پولینڈ نے تقریباً 320 ٹن، ترکی نے تقریباً 220 ٹن اور ہندوستان نے تقریباً 130 ٹن سونا خریدا ہے، مصنفین یہ نتیجہ اخذ کرتے ہیں کہ سونا تیزی سے محض تنوع کے اثاثے کے بجائے جغرافیائی سیاسی خطرات کے خلاف ہیج کے طور پر استعمال ہو رہا ہے، ایچ ایس بی سی کی 2026 کی ریزرو مینجمنٹ رجحانات رپورٹ کے مطابق جو سنٹرل بینکنگ پبلیکیشنز کے ساتھ شراکت میں منعقد کی گئی تھی اور جس میں 101 مرکزی بینکوں کے جوابات شامل تھے جن کے زیر انتظام کل 9.5 ٹریلین ڈالر کے ذخائر ہیں، 70 فیصد مرکزی بینکوں نے جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو 2026 میں انہیں درپیش سب سے اہم خطرہ قرار دیا، ایچ ایس بی سی کی رپورٹ کے مطابق 80 فیصد مرکزی بینک اب بھی ڈالر کو محفوظ پناہ گاہ کی کرنسی سمجھتے ہیں، تاہم ان میں سے بہت سے لوگ اس بات پر متفق ہیں کہ اس کی حیثیت کو چیلنج کیا جا رہا ہے، 68 فیصد جواب دہندگان کا کہنا ہے کہ یورو گزشتہ 12 مہینوں میں ریزرو کرنسی کے طور پر زیادہ پرکشش ہو گیا ہے، چینی کرنسی کے لیے جذبات میں بھی معمولی مثبت اضافہ ہوا ہے اور اوسطاً جواب دہندگان کو توقع ہے کہ چینی کرنسی 2035 تک عالمی زرمبادلہ کے ذخائر کا 7.2 فیصد نمائندگی کرے گی جو پچھلے سال کی سروے میں پیش گوئی کی گئی 6.5 فیصد سے زیادہ ہے، ایچ ایس بی سی کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ 39 فیصد جواب دہندگان 2026 میں سونے کے ذخائر میں اضافے کا ارادہ رکھتے ہیں اور 73 فیصد جواب دہندگان سونے میں سرمایہ کاری کرتے ہیں جو پچھلے سال 69 فیصد سے زیادہ ہے، یو بی ایس کی 2026 کی سالانہ ریزرو منتظمین سروے کے مطابق جس میں تقریباً 30 بڑے مرکزی بینکوں کے جوابات شامل تھے,82 فیصد جواب دہندگان نے مسلسل افراط زر یا طویل مدتی شرح پیداوار میں بے قابو اضافے کو اپنی سب سے بڑی عالمی مجموعی خطرے کے طور پر درج کیا اور 52 فیصد جواب دہندگان نے سٹیگ فلیشن کو اگلے پانچ سالوں کا سب سے ممکنہ منظرنامہ قرار دیا جو پچھلے سال 39 فیصد سے زیادہ ہے، یو بی ایس کی سروے کے مطابق 81 فیصد ریزرو منتظمین نے پچھلے سال میں اپنی اسٹریٹجک اثاثہ جات کی تقسیم کو تبدیل کیا ہے جو پچھلے سال 59 فیصد سے زیادہ ہے، پیرس اسکول آف اکنامکس کے ادارے ورلڈ ان ایکویلٹی لیب کی 2026 کی عالمی انصاف رپورٹ جسے 4 جون 2026 کو شائع کیا گیا تھا، میں ایک طویل مدتی منظرنامہ پیش کیا گیا ہے جس کے مطابق 2100 تک تمام ممالک ماہانہ 5,000 یورو فی کس آمدنی کی طرف مائل ہو سکتے ہیں جبکہ سیارے کی حدود کے اندر رہتے ہوئے، اس رپورٹ کے مطابق دنیا کی 89 فیصد آبادی کی آمدنی 2100 تک دوگنی ہو جائے گی اور دنیا کی نصف سے زیادہ غریب آبادی کا دولت میں حصہ موجودہ 2 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد تک پہنچ سکتا ہے جبکہ ارب پتی طبقے کا حصہ 6 فیصد سے گھٹ کر صرف 0.05 فیصد رہ جائے گا، اس مالیاتی منتقلی کے لیے نئے ادارہ جاتی ڈھانچے بھی ابھر رہے ہیں، برکس ممالک اپنا متبادل ادائیگی کا نظام برکس پے تیار کر رہے ہیں جس کا کاروبار سے کاروبار کراس بورڈر ادائیگی کا نظام 2026 کی دوسری ششماہی میں شروع ہونے کی تیاری میں ہے جس میں 23 کرنسیوں میں تصفیہ ممکن ہو گا، برکس پے کا صارف سے کاروبار ادائیگی کا نظام 2026 کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہو چکا ہے، ایک تازہ رپورٹ کے مطابق برکس ممالک کے درمیان تقریباً 65 فیصد تجارتی لین دین اب مقامی کرنسیوں میں ہو رہا ہے، اسی طرح بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس کی زیر نگرانی ایم برج پروجیکٹ جو ایک متعدد ڈیجیٹل کرنسی کراس بورڈر ادائیگی کا پلیٹ فارم ہے تجارتی آغاز کے قریب پہنچ رہا ہے، بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس نے 2024 میں ایم برج کو کم از کم قابل عمل مصنوعہ کے مرحلے تک پہنچنے کا اعلان کیا تھا اور اس پلیٹ فارم کی فیس روایتی نظاموں کی نصف ہے، ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک جیسے نئے کثیر الجہتی مالیاتی ادارے بھی عالمی مالیاتی فن تعمیر کی تشکیل نو میں کردار ادا کر رہے ہیں، اس بینک کے 110 سے زائد ممبران ہیں اور اس کا مجاز سرمایہ 100 ارب ڈالر ہے اور اس نے 2016 میں اپنے آغاز سے اب تک 360 سے زائد منصوبوں میں 70 ارب ڈالر سے زائد کی منظوری دی ہے، اس بینک نے حال ہی میں مشرق وسطیٰ کے تنازع سے متاثرہ ممالک کے لیے 10 ارب ڈالر کی بحران مالیاتی سہولت بھی شروع کی ہے، سوئفٹ کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 میں چینی کرنسی کا عالمی ادائیگیوں میں حصہ بڑھ کر 3.1 فیصد ہو گیا جو مئی میں 2.75 فیصد تھا، سوئفٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 میں اشیاء اور خدمات کی 81 فیصد ادائیگیاں ڈالر میں، 8 فیصد چینی کرنسی میں اور 5 فیصد یورو میں ہوئیں، ان تمام رپورٹس سے ایک مشترکہ نتیجہ نکلتا ہے کہ عالمی مالیاتی نظام ایک طویل، بتدریج اور کثیر جہتی منتقلی کے دور سے گزر رہا ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ ڈالر کا حصہ 71 فیصد 1999 سے گر کر 57 فیصد 2026 ہو گیا ہے، آفیشل مونیٹری اینڈ فنانشل انسٹی ٹیوشنز فورم کی رپورٹ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پہلی بار ڈالر کے حصص کم کرنے کا ارادہ رکھنے والے مرکزی بینک ان بینکوں سے زیادہ ہیں جو بڑھانا چاہتے ہیں اور 79 فیصد مرکزی بینک کثیر قطبی نظام کی طرف منتقلی کو تسلیم کرتے ہیں، ورلڈ گولڈ کونسل کی سروے کے مطابق 74 فیصد مرکزی بینک اگلے پانچ سالوں میں ڈالر کے ذخائر میں کمی کی توقع رکھتے ہیں اور 89 فیصد کا خیال ہے کہ سونے کے عالمی ذخائر میں اضافہ ہو گا، سوئفٹ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چینی کرنسی کا عالمی ادائیگیوں میں حصہ بڑھ کر 3.1 فیصد ہو گیا ہے اور برکس ممالک کے درمیان 65 فیصد تجارت اب مقامی کرنسیوں میں ہو رہی ہے، یہ منتقلی کسی ایک واقعے یا جنازے کی صورت میں نہیں ہو رہی بلکہ ایک ساختی تبدیلی ہے جو کئی دہائیوں پر محیط ہو گی، جیسا کہ آفیشل مونیٹری اینڈ فنانشل انسٹی ٹیوشنز فورم کی سینیئر ماہر معیشت یارا عزیز نے رپورٹ میں لکھا کہ یہ پرانی مفروضہ کہ عوامی سرمایہ کار ماحول کے معمول پر آنے کا انتظار کر سکتے ہیں تیزی سے غیر حقیقی نظر آتا ہے، عالمی مالیاتی نظام کی وراثت ایک ایسے نظام میں تقسیم ہو رہی ہے جہاں ڈالر اب بھی سب سے بڑی کرنسی ہو گا مگر اس کا یک قطبی غلبہ ختم ہو جائے گا، سونا اور نئی ڈیجیٹل کرنسیاں کلیدی کردار ادا کریں گی، علاقائی مالیاتی بلاکس ابھریں گے اور برکس پے اور ایم برج جیسے متبادل ادائیگی کے نظام سوئفٹ کے اجارہ داری کو چیلنج کریں گے، یہ وراثت کی تقسیم کا عمل پرامن اور بتدریج ہو گا یا پرتشدد اور افراتفری کا شکار اس کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ آیا موجودہ مالیاتی طاقتیں اس تبدیلی کو قبول کرتی ہیں یا اس کے خلاف مزاحمت کرتی ہیں، عالمی مالیاتی نظام کی وراثت کی تقسیم میں سب سے اہم عنصر امریکہ کا اپنے مالیاتی بحران سے نمٹنے کا طریقہ ہو گا، اگر امریکہ اپنے قرضے اور خسارے کو قابو میں کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ڈالر کا زوال آہستہ اور منظم ہو گا لیکن اگر امریکہ ڈیفالٹ کی طرف بڑھتا ہے یا اس کی مالی پالیسیوں پر اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جاتا ہے تو یہ وراثت کی تقسیم اچانک اور افراتفری کا شکار ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں عالمی مالیاتی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ، سرمائے کی بڑے پیمانے پر منتقلی اور ممکنہ طور پر علاقائی مالیاتی جنگوں کا آغاز ہو سکتا ہے، یورپی مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق اگر ڈالر اپنی ریزرو کرنسی کی حیثیت کھو دیتا ہے تو یورو اور چینی کرنسی اس خلا کو پر کر سکتی ہیں لیکن یہ منتقلی کئی دہائیوں پر محیط ہو گی اور اس دوران عالمی معیشت کو بے یقینی اور عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑے گا، سونے کی طرف رجحان اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ مرکزی بینک اور بڑے سرمایہ کار امریکی ڈالر کے طویل مدتی استحکام پر اعتماد کھو رہے ہیں اور وہ محفوظ پناہ گاہ کی تلاش میں ہیں، ورلڈ گولڈ کونسل کی سروے کے مطابق مرکزی بینکوں کا سونے کی طرف رجحان صرف ایک عارضی اقدام نہیں بلکہ ایک طویل مدتی حکمت عملی ہے جو آنے والی دہائیوں میں جاری رہے گی، اسی طرح برکس ممالک کا اپنا متبادل ادائیگی کا نظام بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مغربی مالیاتی نظام سے اپنے انحصار کو کم کرنا چاہتے ہیں اور ایک زیادہ متوازن عالمی مالیاتی نظام کی طرف بڑھ رہے ہیں، یہ تبدیلیاں بتدریج ہیں اور ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں لیکن ان کی رفتار تیز ہو رہی ہے اور آنے والے سالوں میں یہ عالمی معیشت کی وراثت کی تقسیم کی بنیادی شکلیں طے کریں گی، آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ عالمی معیشت کی وراثت کی تقسیم کا انحصار تین اہم عوامل پر ہو گا، پہلا امریکہ کی اپنے مالیاتی بحران سے نمٹنے کی صلاحیت، دوسرا چینی کرنسی اور یورو کی بین الاقوامی حیثیت میں اضافے کی رفتار، اور تیسرا سونے اور ڈیجیٹل کرنسیوں جیسے متبادل اثاثوں کی طرف عالمی رجحان کی شدت، یہ تینوں عوامل مل کر عالمی مالیاتی نظام کی نئی شکل کا تعین کریں گے اور اس وراثت کو تقسیم کریں گے جو کئی دہائیوں سے امریکی ڈالر کے گرد مرکوز تھی، یہ ایک تاریخی تبدیلی ہے جس کے اثرات آنے والی نسلوں تک محسوس کیے جائیں گے اور اس کا کوئی آسان یا فوری حل نہیں ہے، عالمی برادری کو اس منتقلی کو سمجھداری اور دور اندیشی کے ساتھ سنبھالنا ہو گا تاکہ یہ عمل پرامن اور منظم طریقے سے مکمل ہو سکے اور اس دوران کسی بڑی معاشی تباہی سے بچا جا سکے۔