اٹک کے کلووال اور بھرٹہ دینہ میں محفوظ و قانونی ہجرت سے متعلق آگاہی سیشنز
اٹک (بیورو چیف): مائیگرنٹ ریسورس سنٹر اسلام آباد کے تعاون سے اٹک کے گاؤں کلووال اور بھرٹہ دینہ میں شہریوں اور طلبہ کے لیے محفوظ اور قانونی ہجرت کے موضوع پر آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی سیشنز کا مقصد بیرونِ ملک ملازمت، تعلیم یا رہائش کے لیے ہجرت کے خواہشمند افراد کو مستند معلومات فراہم کرنا اور غیر قانونی ہجرت سے وابستہ خطرات سے آگاہ کرنا تھا۔
مائیگرنٹ ریسورس سنٹر اسلام آباد کی ٹیم کے کونسلر حاشر خان نے شرکاء کو ہجرت کے قانونی طریقہ کار، ضروری معلومات اور غیر قانونی ذرائع اختیار کرنے کے ممکنہ خطرات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیرونِ ملک ہجرت کا ارادہ ہو تو ہمیشہ قانونی راستہ اختیار کیا جائے تاکہ جان و مال کو لاحق خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر افراد بہتر مستقبل، روزگار یا تعلیم کے حصول کے لیے بیرونِ ملک جانے کا فیصلہ کرتے ہیں، تاہم مستند معلومات کی کمی بعض اوقات لوگوں کو غیر قانونی ہجرت کی طرف لے جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی راستے اختیار کرنا نہ تو آسان اور نہ ہی محفوظ ہے، بلکہ اس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند افراد مائیگرنٹ ریسورس سنٹر سے مفت مشاورت اور مستند معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
بھرٹہ دینہ میں آگاہی پروگرام مہر اشرف گجر اور نمبردار چوہدری عاطف مہر کے تعاون سے جبکہ کلووال میں پروگرام چوہدری حسیب نواب آف کلووال کی ڈیرہ پر منعقد ہوا۔ پروگرام کے انعقاد میں چوہدری حسیب کلووال، مہر اشرف گجر، چوہدری عاطف مہر اور آفتاب رسول سمیت دیگر افراد نے کردار ادا کیا۔
یہ پروگرام طالب بیگ کی زیرِ سرپرستی و نگرانی منعقد ہوا، جس میں علاقے کی معزز شخصیات، شہریوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے آگاہی سیشن کو مفید قرار دیتے ہوئے مائیگرنٹ ریسورس سنٹر اسلام آباد کی جانب سے محفوظ اور قانونی ہجرت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔




