Picture of Syed Sardar Muhammad Khondai

Syed Sardar Muhammad Khondai

8 اگست یومِ شہداء: کچھ سانحات صرف تاریخ نہیں بنتے بلکہ تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 8 اگست یومِ شہداء کے موقع پر کوئٹہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض سانحات صرف تاریخ نہیں بنتے بلکہ تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں، اور 8 اگست کا سانحہ بھی بلوچستان کی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش باب ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ 8 اگست 2016 کو کوئٹہ سول ہسپتال میں پیش آنے والے دلخراش سانحے میں شہید ہونے والے وکلا، صحافیوں، پولیس اہلکاروں اور دیگر شہریوں نے قانون کی بالادستی، انصاف اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور بلوچستان کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ ان قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے اور صوبے میں امن، انصاف اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے مشن کو جاری رکھنا اور بلوچستان میں امن، انصاف اور قانون کی بالادستی قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح اور پختہ عزم ہے۔ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے 8 اگست کے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا پیغام:
شہداء کو سلام — بلوچستان میں امن ہمارا عزم ہے۔