Picture of Nadeem Ali

Nadeem Ali

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ  نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور آئندہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں دو اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق بائیں ہاتھ کے اوپنر عبداللہ فضل انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی ٹیسٹ سیریز اور اس کے بعد انگلینڈ کے دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔

ان کی جگہ دائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ مڈل آرڈر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعود شکیل کو بھی ٹیم کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

عبداللہ فضل انجری کا شکار

تفصیلات کے مطابق 23 سالہ عبداللہ فضل کو ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں پہلے ٹیسٹ سے ایک روز قبل ٹریننگ سیشن کے دوران کمر کے نچلے حصے (لوئر بیک) میں انجری ہوئی۔

بعد ازاں ان کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا، جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں فوری طور پر ری ہیبلیٹیشن (بحالی) پروگرام شروع کرنے کا مشورہ دیا اور انہیں ویسٹ انڈیز سیریز کے باقی میچز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے فٹ قرار نہیں دیا گیا۔

انگلینڈ کا دورہ

پاکستان ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز کے دورے پر موجود ہے، جہاں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 29 جولائی تک جاری رہے گا۔

ویسٹ انڈیز سیریز کے اختتام کے بعد قومی ٹیم 19 اگست سے 13 ستمبر تک انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

یہ تمام پانچ ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ۔