نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور قومی جذبے سے منایا گیا
جامعہ میں یکجہتی واک، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، امن، انصاف اور حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ
فیصل آباد (میاں افتخار احمد)
نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (این ٹی یو) میں یومِ استحصالِ کشمیر قومی جذبے اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، امن، انصاف، انسانی وقار اور حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔
یکجہتی واک کی قیادت وائس چانسلر/ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود نے کی۔ اس موقع پر سکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین ڈاکٹر ذوالفقار علی، ایڈوائزر اسٹوڈنٹس ڈاکٹر دانش محمود، پروگرام ڈائریکٹر مصنوعی ذہانت (اے آئی) وقار احمد سمیت اساتذہ، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے بینرز اور قومی و کشمیری پرچم اٹھا کر یونیورسٹی کیمپس میں واک کی اور اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کے لیے مذاکرات، باہمی احترام اور ہم آہنگی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
واک سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود نے کہا کہ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی بنیادی انسانی حقوق، انصاف اور انسانی وقار کے عالمی اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور ان کے حقِ خودارادیت کا احترام عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
یہ تقریب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ہدایات کی روشنی میں منعقد کی گئی، جس کے تحت ملک بھر کی جامعات کو یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر آگاہی اور اظہارِ یکجہتی کی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔



