Picture of Asim Siddiqui

Asim Siddiqui

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتی مشن کے پریس ونگ میں تبدیلی، سرفراز احمد کو شاندار الوداع اور زوبیہ مسعود کا پرتپاک استقبال

رپورٹ: عاصم صدیقی، واشنگٹن ڈی سی

پاکستانی سفارتی مشن میں روایتی سفارتی تبادلوں کے سلسلے میں ہر چند سال بعد مختلف شعبوں کے افسران کی تعیناتی اور تبادلے عمل میں آتے ہیں۔ اسی روایت کے تحت پریس ونگ میں بھی نئی ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں، جہاں پریس منسٹر، پریس کونسلر، پریس اتاشی اور دیگر متعلقہ افسران اپنی مدتِ تعیناتی مکمل ہونے پر نئی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔

اسی سلسلے میں واشنگٹن میں سینئر پاکستانی نژاد امریکی صحافی فیض الرحمن کی رہائش گاہ پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سبکدوش ہونے والے پریس کونسلر سرفراز احمد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ نئی تعینات ہونے والی پریس کونسلر زوبیہ مسعود کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

فیض الرحمن کو امریکہ میں اردو اور انگریزی صحافت کے ابتدائی اور نمایاں ناموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کئی دہائیوں پر محیط صحافتی سفر کے دوران پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان سے متعلق امور کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا، اور آج بھی انہیں امریکہ میں پاکستانی صحافت کی ایک معتبر آواز سمجھا جاتا ہے۔

تقریب میں واشنگٹن اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے ممتاز صحافیوں، میڈیا نمائندوں اور کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سرفراز احمد، زوبیہ مسعود اور دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان مثبت روابط، پیشہ ورانہ تعاون اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب کے دوران متعدد سینئر صحافیوں نے سرفراز احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، خوش اخلاقی اور میڈیا کے ساتھ تعاون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر معروف صحافی انور اقبال (ڈان)، جہانزیب علی خان (اے آر وائی نیوز)، گیتی آرا سمیت متعدد ممتاز صحافیوں نے خطاب کیا اور سرفراز احمد کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے زوبیہ مسعود کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستانی سفارت خانے اور میڈیا کے درمیان مضبوط روابط کو مزید فروغ دیں گی۔

تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں صحافیوں نے باہمی ملاقاتوں کے ذریعے پیشہ ورانہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔