چمن ( سید سردار محمد خوندئی )
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت کے حکم پر چمن جیل سے باعزت بری کر دیا گیا۔
جیل سے رہائی کے موقع پر سینکڑوں کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ وہ تمام کارکنوں اور چمن کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس ناروا عمل پر ہمدردی، صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا، میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پشتون افغان وطن کی موجودہ گھمبیر صورتحال سمیت تمام معاملات پر 22 نومبر کو چمن میں شہیدِ وطن خان حاجی جیلانی خان اچکزئی اور شہیدِ ڈیورنڈ لائن اسد خان اچکزئی کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے میں عوام کو تفصیلی آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی قیمت پر وطن کو خراب نہیں ہونے دیں گے، ریاستی اداروں اور ان کے سہولت کاروں کے عزائم سے ہم بخوبی واقف ہیں۔
اصغر خان اچکزئی نے مزید اعلان کیا کہ 6 نومبر کو عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں بلوچستان اور پشتونخوا کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اصغر خان اچکزئی کو چند روز قبل ایک مقدمے میں گرفتار کر کے چمن جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے انہیں 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت نے انہیں باعزت بری کرنے کا حکم دیا۔
دریں اثنا، اے این پی کے صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے اصغر خان اچکزئی کی رہائی کو حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی صدر کی قیادت میں پارٹی بلوچستان بھر میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔
عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی 7 روزہ ریمانڈ کے بعد باعزت بری، چمن جیل سے رہائی پر کارکنوں کا پرتپاک استقبال
