لاہور سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر سے سرویلنس ڈرون ٹکرا کر گر گیا

لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر سے سرویلنس ڈرون ٹکرا کر گر گیا، تحقیقات شروع

جلو موڑ کی جانب سے آنے والا جدید ڈرون رات ساڑھے 12 بجے عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرایا، کیمرہ اور بیٹری لائٹس فعال حالت میں ملیں۔

لاہور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ہیڈکوارٹر کی عمارت سے ایک جدید سرویلنس ڈرون ٹکرا کر نیچے گر گیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈرون رات تقریباً ساڑھے 12 بجے جلو موڑ کی جانب سے آیا اور ہربنس پورہ کی سمت بڑھتے ہوئے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کی عمارت تک پہنچا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق شبہ ہے کہ ڈرون کے ذریعے عمارت کے اندرونی حصوں کی نگرانی یا ریکی کی کوشش کی جارہی تھی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ جدید ساخت کا سرویلنس ڈرون عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے گر گیا۔ واقعے کے بعد ڈرون کا معائنہ کیا گیا تو اس کے ساتھ منسلک کیمرہ اور بیٹری کی لائٹس فعال حالت میں پائی گئیں۔

واقعے کی نوعیت، ڈرون کے مالک اور اسے اڑانے والے شخص یا افراد کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال دستیاب معلومات میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ڈرون کہاں سے اڑایا گیا تھا اور اس کا اصل مقصد کیا تھا۔

Related posts

Leave a Comment