چمن چیمبر آف کامرس کی نومنتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا

چمن چیمبر آف کامرس کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری

چمن (سید سردار محمد خوندئی): چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نومنتخب کابینہ کی پروقار حلف برداری کی تقریب ٹریڈ سینٹر چمن میں منعقد ہوئی، جس میں حاجی محمد حنیفہ خان اچکزئی نے آئندہ دو سال کے لیے صدر، محمد مدثر نے سینئر نائب صدر جبکہ مقصود خان کاکڑ نے نائب صدر کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ اس سے قبل قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ قومی ترانے کے احترام میں تمام شرکاء اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے۔ تقریب میں قبائلی مشران، معززین شہر، علماء کرام، سول سوسائٹی، انجمن تاجران، ٹریڈ یونین، تاجر برادری اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

چمن چیمبر آف کامرس کی نئی قیادت

تقریب سے سابق صدور، تاجر رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے خطاب کیا۔ مقررین نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت تاجر برادری کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

مقررین نے کہا کہ چمن کی کاروباری برادری کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے متعلقہ حکام اور اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ ضروری ہے۔ انہوں نے نئی کابینہ سے تاجر برادری کی بہتر نمائندگی کی توقع بھی ظاہر کی۔

نومنتخب صدر کا تاجروں کے مسائل حل کرنے کا عزم

نومنتخب صدر حاجی محمد حنیفہ خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اسے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ نئی کابینہ تمام تاجروں کو ساتھ لے کر چمن کی کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کے جائز مطالبات کے حل، کاروباری ماحول کی بہتری اور متعلقہ اداروں سے مؤثر رابطے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران کو روایتی ثقافتی پگڑیاں (لونگی) پہنائی گئیں۔ شرکاء نے نئی کابینہ کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ٹی پارٹی بھی دی گئی۔

Related posts

Leave a Comment