وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر چمن میں جامع صفائی مہم کا آغاز
کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر چمن شہر میں صفائی و خوبصورتی کے لیے جامع صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے چمن شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہر کی صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے میونسپل کارپوریشن، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کا اجلاس طلب کیا، جس میں شہر کی صفائی کی صورتحال، کچرے کے خاتمے اور شہر کو صاف ستھرا و خوبصورت بنانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں موجود کچرے کے ڈھیروں کو فوری طور پر ہٹایا جائے، کچرے کو آبادی سے دور مقررہ مقامات پر منتقل کر کے مناسب طریقے سے تلف کیا جائے اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
دریں اثنا، میونسپل کارپوریشن اور لوکل گورنمنٹ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا عملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی، میونسپل کارپوریشن کے میئر حاجی حبیب اللہ اچکزئی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی امان اللہ نے جاری صفائی مہم کا موقع پر جا کر تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو صفائی کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کے مطابق ابتدائی صفائی آپریشن کے بعد پیر سے چمن شہر میں باقاعدہ اور جامع صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا، جس کے تحت شہر کے اہم علاقوں، بازاروں، شاہراہوں اور گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چمن شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور شہریوں کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔

