جاپان میں ریکارڈ بارش، سیلاب سے 8 افراد ہلاک، ہزاروں مسافر نریتا ایئرپورٹ پر پھنس گئے

ٹوکیو: جاپان میں ریکارڈ توڑ بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں دارالحکومت ٹوکیو کے قریب چیبا علاقے میں شدید سیلاب کے باعث 8 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں مسافر نریتا ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔ شدید بارش سے سڑکیں اور ریلوے ٹریک زیر آب آگئے، ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہوا اور تقریباً 20 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی۔

جاپان میں تعطیلات کے مصروف ترین ہفتوں میں سے ایک کے دوران چیبا کے بعض علاقوں میں صرف 24 گھنٹوں کے اندر 360 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے فوجی اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔

چیبا کے گورنر توشیتو کماگائی نے صورتحال کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ماضی میں کئی قدرتی آفات کا سامنا کیا ہے، تاہم اس نوعیت کی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی۔

جاپانی سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق سیلاب سے ہلاک ہونے والے 8 افراد میں ایک شخص بھی شامل ہے جو پانی میں ڈوبی ہوئی گاڑی کے اندر پھنس گیا تھا۔ حکام نے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کردی ہیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

شدید بارش اور سیلاب نے نریتا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف بھی معمولات زندگی کو شدید متاثر کیا۔ ٹرانسپورٹ سروسز میں خلل کے باعث تقریباً 7 ہزار مسافر ایئرپورٹ پر پھنس گئے اور متعدد افراد نے رات ایئرپورٹ ہی پر گزاری۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے پھنسے ہوئے مسافروں میں سلیپنگ بیگز، پانی اور کھانے پینے کی اشیا تقسیم کیں۔ بڑی تعداد میں مسافروں نے انتظار گاہوں اور دیگر دستیاب مقامات پر عارضی طور پر قیام کیا۔

شدید بارش کے باعث پروازوں، ٹرینوں اور سڑکوں کے نظام میں خلل پیدا ہونے سے تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ مزید بارش کے خطرے کے پیش نظر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ریکارڈ بارش سے ہونے والی تباہی نے ایک بار پھر جاپان میں شدید موسمی واقعات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاریوں کی اہمیت کو اجاگر کردیا ہے۔

Latest Posts