چمن میں کوژک میران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ 2026 کا آغاز

پاک فوج، قبائلی عمائدین اور علماء کرام نے افتتاح کیا، پہلے روز 70 مقابلے منعقد ہوئے

 

چمن (سید سردار محمد خوندئی): چمن میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور پاک فوج و عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کوژک میران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

چیمپئن شپ کا افتتاح پاک فوج کے 40 فرنٹیئر فورس (40 ایف ایف) کے کرنل عثمان، قبائلی عمائدین اور علماء کرام نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر کیا۔

افتتاحی تقریب میں قبائلی مشر عبدالغفار خان صالحزئی، مولانا مفتی محمد قاسم، چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر حاجی عمران خان کاکڑ، صدر حاجی محمد ہنیف، سینئر نائب صدر عبدالمقصود کاکڑ، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رفیع اللہ، سردار برات خان درانی، سماجی کارکن محمد علی اچکزئی، ناصر خان اور حاجی عبدالشکور خان نورزئی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تین روزہ چیمپئن شپ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول چمن کے چھوٹے گراؤنڈ میں جاری ہے، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے باکسرز مختلف کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔

چیمپئن شپ کے پہلے روز 70 مقابلے منعقد ہوئے، جن میں باکسرز نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور کھیل کے جذبے کا اظہار کیا۔

تقریب کے شرکاء نے چمن میں باکسنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، نظم و ضبط اور برداشت کو فروغ دینے اور صحت مند مقابلے کا رجحان پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع ملتے ہیں اور وہ مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔

چیمپئن شپ کے سرپرستِ اعلیٰ اختر گلفام نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ایسے مقابلے مقامی ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کوژک میران ایف سی بلوچستان نارتھ باکسنگ چیمپئن شپ نوجوانوں میں امن، بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔

Related posts

Leave a Comment