وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا سرکاری امور میں تاخیر ختم کرنے کا حکم، سمریوں کی ڈیجیٹلائزیشن شروع

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی)

بلوچستان میں ڈیجیٹل گورننس اور بہتر طرزِ حکمرانی کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سرکاری سمریوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو سرکاری محکموں میں ای فائلنگ نظام کے نفاذ اور سرکاری سمریوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ نظام کامیابی سے نافذ کیا جا چکا ہے، جبکہ اس جدید نظام کے ذریعے اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلیں نمٹائی جا چکی ہیں۔

بریفنگ کے مطابق اب سرکاری سمریوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ سرکاری سمریوں کی ڈیجیٹلائزیشن سے دفتری امور کی انجام دہی میں تیزی آئے گی اور فیصلہ سازی کا عمل مزید مؤثر ہو گا۔ اس اقدام سے سرکاری دستاویزات کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہونے کے ساتھ انتظامی امور میں غیر ضروری تاخیر کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری معاملات میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں اور تمام فیصلے بروقت کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری امور میں شفافیت، تیزی اور جواب دہی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تمام متعلقہ محکموں کا مؤثر تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ اصلاحاتی اقدامات پر تیزی سے عمل درآمد ہو سکے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روایتی دفتری نظام کی جگہ ایک مؤثر اور جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے سرکاری امور میں آسانی، تیز رفتار فیصلہ سازی اور عوامی سہولت کو ڈیجیٹل اصلاحات کے بنیادی مقاصد قرار دیا۔

بلوچستان حکومت کے ان اقدامات کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا، دفتری کارروائیوں کو تیز کرنا اور عوام کو زیادہ مؤثر خدمات فراہم کرنا ہے۔

Related posts

Leave a Comment