اٹک وومن چیمبر آف کامرس کی دسویں جنرل میٹنگ، قرآن پاک کے 500 سے زائد نسخے تقسیم

اٹک وومن چیمبر آف کامرس کی دسویں جنرل میٹنگ

سینیٹر عبدالحسیب خان کا قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کرنے پر زور، اٹک وومن چیمبر کی نومنتخب عہدیداران نے دو سالہ مدت کے لیے حلف اٹھا لیا

 

(اٹک سے بیورو چیف اعجاز الحسن کی رپورٹ)

اٹک: سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا ہے کہ قرآن کریم انسانیت کے لیے ہدایت، اخلاق، عدل، برداشت، بھائی چارے اور زندگی گزارنے کے اصولوں کا جامع سرچشمہ ہے۔ قرآن پاک انسان کو صبر، سچائی، انصاف، حسن اخلاق اور دوسروں کے حقوق ادا کرنے کا درس دیتا ہے، اس لیے اس کی تعلیمات کو صرف پڑھنے تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں اپنانا ضروری ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جناح ہال، ضلع کونسل اٹک میں اٹک وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دسویں جنرل میٹنگ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں شرکاء میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ و تفسیر کے 500 سے زائد نسخے بطور ہدیہ تقسیم کیے گئے۔

تقریب کی صدارت چیئرپرسن سارک چیمبرز وومن انٹرپرینیور کونسل اور چیئرپرسن نیشنل بزنس کونسل حنا منصب خان نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو اٹک صنوبر سلطان، حنا منصب خان، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے صحت وفاقی ایوان صنعت و تجارت و سابق صدر ایوان صنعت و تجارت اٹک طارق محمود، نومنتخب صدر رضوانہ ندیم، جنرل سیکرٹری محمد ارسلان اور چیف ایگزیکٹو نبیلہ شاہین سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری

تقریب کے دوران سینیٹر عبدالحسیب خان نے اٹک وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نومنتخب صدر رضوانہ ندیم، سینئر نائب صدر رابعہ گل، نائب صدر رخشندہ کوکب اور دیگر عہدیداران سے دو سالہ مدت کے لیے حلف لیا۔

اٹک وومن چیمبر آف کامرس
اٹک وومن چیمبر آف کامرس کی جنرل میٹنگ میں نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری اور قرآن پاک کے نسخوں کی تقسیم۔

حلف اٹھانے والے ایگزیکٹو ممبران میں صائمہ اشتیاق، نعیمہ ناز، صائمہ جبین، صبا گوہر، شیریں زہرا، عروج منصب، صبا ولیم، فرزانہ بشیر اور شکیلہ پروین شامل تھیں۔ چیف ایگزیکٹو نبیلہ شاہین بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

سینیٹر عبدالحسیب خان نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گی۔

سینیٹر عبدالحسیب خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں مثبت مذہبی رجحانات کے فروغ کے لیے قرآن کریم کے پیغام کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قرآن پاک کی تعلیمات انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

دیگر مقررین نے اسلام میں خواتین کے کردار اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ان کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ تجارت، کاروبار، تعلیم اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو کاروبار کے لیے مزید مواقع، سہولیات اور مناسب ماحول فراہم کرکے معاشی طور پر بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف خاندان بلکہ مجموعی معاشرے اور ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت

تقریب میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر سعید بٹ، پنجاب کالج کے پرنسپل میجر سجاد حیدر، روٹس سکول کی پرنسپل ارم فاروق، اٹک گریجویٹ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ثوبیہ، سابق پرنسپل گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفیکٹو ہیرنگ سکول نجمہ شاہین، سابق صدر ارم خان، صدر بزم محصنات عفت جان اور پرنسپل نایاب کالج سعدیہ احتشام نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات، اساتذہ، سول لیڈیز کلب کی ممبران، بزم محصنات کی نمائندگان، گورنمنٹ نرسنگ سکول ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور گورنمنٹ ٹیوٹا انسٹیٹیوٹ کی اساتذہ و طالبات، نومنتخب عہدیداران، چیمبر کی جنرل ممبران اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

تقریب کے اختتام پر سینیٹر عبدالحسیب خان نے شرکاء میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ و تفسیر کے 500 سے زائد نسخے بطور ہدیہ تقسیم کیے۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے قرآن کریم کے پیغام کو عام کرنے اور اس کی تعلیمات سے آگاہی بڑھانے کی ایک مثبت کوشش قرار دیا۔

Related posts

Leave a Comment