ڈی ای او چمن کے سرکاری اسکولوں کے اچانک دورے تیز

District Education Officer Ashok Kumar Rajput inspecting a government boys’ high school in Chaman, Balochistan.

ڈی ای او چمن اشوک کمار راجپوت کے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے اچانک دورے تیز

ماڈل ہائی اسکول اور محلہ شہسوار ہائی اسکول کا معائنہ، غیر حاضر اساتذہ کو نوٹس، نمایاں کارکردگی پر انعامات اور تعریفی لیٹر کا اعلان

چمن (سید سردار محمد خوندئی)

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے ضلع کے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور اساتذہ کی حاضری کو بہتر بنانے کی مہم کے تحت گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول چمن اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول محلہ شہسوار کے اچانک دورے کیے۔

21 اکتوبر کو گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول کے دورے کے دوران ڈی ای او نے صبح کی اسمبلی خود طلبہ سے کروائی اور طلبہ کی حاضری، نظم و ضبط اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران متعدد اساتذہ غیر حاضر پائے گئے، واش رومز کی ناقص صفائی، کمپیوٹر لیب کے غیر مؤثر استعمال اور طلبہ میں نظم و ضبط کی کمی پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

اسکول انتظامیہ کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ صفائی ستھرائی، کمپیوٹر لیب کے مؤثر استعمال، اساتذہ کی بروقت حاضری، صبح کی اسمبلی کے باقاعدہ انعقاد اور نظم و ضبط میں واضح بہتری لائی جائے اور غیر حاضر اساتذہ سے قواعد کے مطابق وضاحت طلب کی جائے گی۔

22 اکتوبر کو گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول محلہ شہسوار کے دورے میں ڈی ای او نے کلاس رومز، اساتذہ حاضری رجسٹر اور لاگ بک کا تفصیلی معائنہ کیا، صفائی کی ناقص صورتحال پر متعلقہ عملے کو فوری اصلاح کی ہدایت کی اور غیر حاضر اساتذہ کو وضاحت طلبی نوٹس جاری کیے۔

انہوں نے مختلف کلاسز میں جا کر طلبہ سے نصابی سوالات کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے موقع پر نقد انعامات دیے، جبکہ بہترین تدریسی صلاحیتوں اور مؤثر طریقہ تدریس پر استاد وزیر محمد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی لیٹر جاری کرنے کا اعلان کیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فراہمی، اساتذہ کی حاضری، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا اور فرائض میں غفلت اور لاپروائی برتنے والوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related posts

Leave a Comment